اسلام آباد (اردو ٹائمز) اساتذہ وہ مشعل بردار ہیں جنکا نام انکے جانے بعد بھی زندہ رہتا ہے : پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود
Share

اسلام آباد (اردو ٹائمز)( پ۔ر) اساتذہ وہ مشعل بردار ہیں جنکا نام انکے جانے بعد بھی زندہ رہتا ہے : پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود حکومت 2 کروڑ سے زائد سکول سے باہر بچوں کو زیور علم سے آراستہ کرے : میاں محمد جاوید
اساتذہ کی خدمات بیمثال ہیں مگر انکا شمار مراعات یافتہ طبقے میں نہیں ہوتا : تقریب سے مقررین کا خطاب میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ عالمی یوم اساتذہ پر نظریہ پاکستان کونسل نے مجھ جیسے طالب علم کو اساتذہ اور طلبہ کی خوبصورت تقریب سے کا موقع فراہم کیا۔ آج خاص طور پر اساتذہ کی بے لوث خدمات کو سراہا جانا چاہئیے۔ اساتذہ ہمارے معاشرے کے وہ مشعل بردار ہیں جنکے چلے جانے کے بعد بھی انکا نام اور کام ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔ قوم کے بچوں کا مستقبل سنوارنے کے حوالے سے آپکی خدمات قابل ستائش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ایوان قائد میں این پی سی کے منصوبہ “تعلیم نیٹ ورک” کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ دور حاضر میں اساتذہ کی عزت و احترام کے حوالے سے حالات اتنے بھی برے نہیں جتنا کہ ہم گردانتے رہتے ہیں۔ ہمارے دین اور معاشرے نے استاد کا درجہ والدین کے برابر متعین کر دیا ہے۔ اب اسکا دارومدار مجھ پر ہے کہ میں بحیثیت استاد اپنے آپ کو کیسے اسکا اہل ثابت کرتا ہوں۔ کونسل کے چیئرمین میاں محمد جاوید نے صدارتی خطاب میں اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ تمام تر مشکلات کے باوجود قوم کے مستقبل کو سنوارنے میں مگن ہیں۔ حکومت کو تعلیم جیسے بنیادی فریضے سے غافل نہیں ہونا چاہیے اور ملک کے 2 کروڑ سے زائد سکول سے باہر بچوں کو زیور علم سے آراستہ کرنے کی ذمہ داری نبھانی چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتنے بڑے ہدف کے لیے یقیناً خطیر رقم کی ضرورت ہوتی ہے لیکن مخیر حضرات و نجی اداروں کو بھی آگے بڑھ کر تعلیمی منصوبوں میں ہاتھ بٹانا چاہیئے۔ مہمان اعزاز و معروف دانشور اور سابق سفیر افراسیاب مہدی ہاشمی نے کہا کہ قرآن کہتا ہے کہ پڑھو، سوچو، سمجھو اور عمل کرو اسی تناظر میں ہمارے رسول اللہ کا فرمان ہے کہ جو شخص علم پھیلاتا ہے اسکی بخشش کیلئے آسمانی اور زمینی مخلوقات دعا کرتی ہیں۔ آپ سوچیں ایک استاد کا مقام و مرتبہ کتنا بلند ہوگا۔ سابق سینیٹر و چیئرپرسن تعلیم نیٹ ورک پاکستان رزینہ عالم خان نے کہا کہ ہماری اس سے بڑھ کرخوش بختی اور کیا ہوگی کہ استاد الاساتذہ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود تقریب کے مہمان خصوصی ہیں جو آج وفاقی دارالحکومت اور مضافات کے مختلف سکولوں اور مدارس میں تدریس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں تعریفی اسناد تقسیم کرینگے۔ قبل ازیں این پی سی کی ایگزیکٹو کونسل کے سینئر اراکین سابق سفیر صلاح الدین چوہدری، ماہرین تعلیم ڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹر محمد افضل بابر، نرگس ناصر اور حمید قیصر نے خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں مہمانان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، سابق سیکریٹری خزانہ عبداللہ یوسف، سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد، معروف لکھاری افشاں عباسی اور سرکاری و نجی اسکولوں کے اساتذہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔