اسلام آباد (اردو ٹائمز) مری میں واسا کے نئے کمرشل بلز پر شدید تحفظات، ڈپٹی کمشنر مری کی زیر صدارت اہم اجلاس
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز)— مری میں واسا کے نئے کمرشل بلز پر شدید تحفظات، ڈپٹی کمشنر مری کی زیر صدارت اہم اجلاس فی روم/فی فلیٹ بلنگ پر تاجروں اور ہوٹل مالکان کا اعتراض میٹرنگ سسٹم کے تحت استعمال شدہ یونٹس کے مطابق بلنگ کا مطالبہ
گھریلو صارفین کے زائد نرخوں میں کمی پر زور جامع لائحہ عمل کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی کمشنر مری کی سربراہی میں مری میں محکمہ واسا کی جانب سے جاری کیے گئے نئے کمرشل بلز کے حوالے سے پیدا ہونے والے تحفظات پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں راجہ اسامہ اشفاق سرور بھی شریک تھے، جبکہ مرکزی انجمن تاجران مری اور ہوٹل ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ایم ڈی واسا مری نے ادارے کا مؤقف پیش کیا۔
اجلاس کے دوران تاجروں اور ہوٹل مالکان نے فی روم یا فی فلیٹ کے حساب سے بل بھیجے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ شرکاء کا مؤقف تھا کہ اس طرزِ بلنگ سے کاروباری برادری پر غیر ضروری مالی بوجھ پڑ رہا ہے، جسے فوری طور پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مری میں پانی کی طلب میں مسلسل اضافے کے پیش نظر محکمہ واسا پہلے نئے اور پائیدار پانی کے ذرائع (واٹر سورسز) کی فراہمی یقینی بنائے۔ مزید برآں، شرکاء نے مطالبہ کیا کہ فی روم بلنگ کے بجائے ہر کمرشل یونٹ پر باقاعدہ میٹر نصب کیے جائیں اور استعمال شدہ پانی کے یونٹس کے مطابق شفاف بلنگ کی جائے۔
گھریلو صارفین کے حوالے سے بھی زائد نرخوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ریٹس میں کمی کی سفارش پیش کی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک جامع اور قابلِ عمل لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو بلنگ کے نظام، ریٹس اور پانی کی دستیابی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لے گی۔

