اسلام آباد (اردو ٹائمز) 9واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ کھاریاں میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) 9واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ کھاریاں میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف سید عاصم منیرتھے پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک جامع پیٹرولنگ مشق ہے، جس کا مقصد شریک ٹیموں کے درمیان جدید عسکری خیالات، حربی تجربات اور بہترین عملی طریقوں کے تبادلے کے ذریعے پیشہ ورانہ فوجی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق 5 فروری 2026 سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئی، جہاں شرکاء کو ایک حقیقت پسندانہ اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول فراہم کیا گیا گزشتہ برسوں میں پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ ایک باوقار اور سخت مقابلے پر مبنی عسکری مشق کے طور پر ابھر چکا ہے، جو شریک ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت، باہمی سیکھنے اور فوجی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ فورم عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مشکل حالات میں باہمی اعتماد، ٹیم اسپرٹ اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے۔
اس سال مقابلے میں 19 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، مملکتِ سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان شامل تھے۔ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے بطور مبصر شرکت کی۔ پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 ملکی ٹیمیں بھی مقابلے کا حصہ بنیں، جبکہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین نے بھی مشق میں شرکت کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے تمام شریک ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، آپریشنل صلاحیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے جدید جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے تناظر میں ایسی کثیرالقومی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا، جو مشترکہ تیاری اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔
انہوں نے پاکستان آرمی کی بنیادی اقدار کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ “کردار، جرات اور قابلیت” وہ اوصاف ہیں جو پاکستانی سپاہیوں کی پہچان ہیں، اور یہ خصوصیات بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں نمایاں طور پر سامنے آئی ہیں تقریب کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں اعزازات تقسیم کیے۔ شریک ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے مشق کے دوران اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ مہارت، بہترین تنظیم اور نظم و ضبط کو سراہا چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبّی میں مختلف تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، جہاں انہوں نے نئے قائم کردہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے افواج اور تکنیکی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے روایتی تربیت کے ساتھ سمیولیٹر پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا

