جنیوا (اردو ٹائمز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے2ریاستی حل کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور
Share

جنیوا (اردو ٹائمز) اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں فلسطین کے2ریاستی حل کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئی۔
مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دو ریاستی حل کی قرارداد کو 142 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے منظور کر لیا ہے، جبکہ 10ممالک نے مخالفت کی اور 12نے ووٹ نہیں دیا۔یہ اعلامیہ جولائی میں سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں ہونے والی اقوام متحدہ کانفرنس کے نتائج پر مبنی ہے اور عالمی رہنماں کی آئندہ ملاقات سے پہلے منظور کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا تھا۔
فرانس اور سعودی عرب کی جانب سے پیش کیے گئے اس اعلامیے کی عرب لیگ نے پہلے ہی توثیق کر دی ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے 17 رکن ممالک بشمول کئی عرب ممالک نے اس پر دستخط کیے ہیں۔اعلامیے میں غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر اجتماعی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ دو ریاستی حل کے موثر نفاذ کے ذریعے اسرائیل-فلسطین تنازعے کا منصفانہ، پرامن اور دیرپا حل نکالا جا سکے۔
ساتھ ہی، اس میں حماس کے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر کیے گئے حملے کی سخت مذمت کی گئی ہے، تمام فلسطینی اسیروں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور حماس سے غیر مسلح ہونے اور غزہ میں اپنا کنٹرول چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا ہے غزہ میں جنگ ختم کرنے کے تناظر میں، حماس کو اپنی حکمرانی ختم کر کے اپنے ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کرنے ہوں گے، تاکہ ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے بین الاقوامی تعاون اور حمایت ممکن ہو سکے۔