کراچی (اردو ٹائمز) حالیہ بارشوں کے پیش نظر مزارات اور درگاہوں پر حفاظتی اقدامات مزید مؤثر کیئے جائیں، واک تھرو گیٹس اور الیکٹرانک آلات کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے، صوبائی وزیر اوقاف سندھ کی جانب سے ہدایات جاری
Share
کراچی (اردو ٹائمز) کراچی وزیر برائے اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر سندھ سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے صوبے میں حالیہ بارشوں کے پیش نظر تمام مزارات اور درگاہوں پر زائرین کی جان و مال کے تحفظ، سکیورٹی نظام کی مؤثر فعالیت اور سرکاری املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔صوبائی وزیر نے سیکرٹری اوقاف اختر حسین بگٹی کو ہدایت کی کہ تمام مزارات اور درگاہوں پر نصب واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے، برقی تنصیبات، جنریٹرز، کنٹرول پینلز اور دیگر الیکٹرانک آلات کو بارش اور نمی کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ سکیورٹی نظام بلا تعطل فعال رہے اور زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑےصوبائی وزیر اور سیکرٹری اوقاف کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف حیدرآباد، مختیار علی ابڑو نے ایڈمنسٹریٹرز اوقاف اور مختلف مزارات و درگاہوں کے منیجرز، افسران و حکام اور متعلقہ عملے کو خصوصی احکامات جاری کر دیے۔ ان احکامات کے تحت واک تھرو گیٹس، الیکٹرانک آلات اور دیگر حساس تنصیبات کی مسلسل نگرانی، بروقت مرمت، حفاظتی کور، تکنیکی جانچ اور مؤثر دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف حیدرآباد نے اپنے احکامات میں واضح کیا ہے کہ کسی بھی تکنیکی خرابی، برقی مسئلے یا ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع محکمہ کو دی جائے تاکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے حفاظتی انتظامات کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ زائرین کی حفاظت حکومت سندھ اور محکمہ اوقاف کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران مکمل الرٹ رہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات برقرار رکھیں اور ہر مزار پر حفاظتی اقدامات کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ زائرین کو محفوظ، منظم اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کیا جا سکے

