اسلام آباد (اردو ٹائمز) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری نے مسیحی برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی،
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری نے مسیحی برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، عوامی سہولیات کی فراہمی اور پبلک سروس کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے وفاقی پولیس کی جانب سے خصوصی میثاق سینٹر قائم کیا جائے گا۔ مسیحی برادری کے نمائندوں نے اپنے مسائل پیش کیے، جن کے حل کے لیے آئی جی اسلام آباد نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے سیف سٹی اور این ایل سی کے افسران سے بھی اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں اسلام آباد پولیس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، جدید ٹیکنالوجی سے مؤثر استفادہ کرنے اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہریوں کو بہتر، تیز اور محفوظ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔اسی سلسلے میں آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا، جہاں پولیس افسران اور جوانوں کے سروس سے متعلق اور ذاتی مسائل براہ راست سنے گئے۔ انہوں نے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے تاکہ افسران و جوانوں کو درپیش مشکلات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس عوامی خدمت، شفافیت اور جدید پولیسنگ کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور پولیس افسران و جوانوں کے مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ شہریوں کا تحفظ اور خدمت اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔










