اسلام آباد (اردو ٹائمز) درآمد شدہ موبائل فون پر ٹیکسوں میں کمی کا معاملہ، وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے ٹیلی کام آپریٹرز کا اہم مطالبہ پورا کرنے میں ناکام ،فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق پالیسی ڈائریکٹو میں بھی موبائل فون ٹیکس سے متعلق کوئی واضح یقین دہانی نہ کرائی گئی۔
ذرائع کے مطابق موبائل فون آپریٹرز فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کے ساتھ موبائل فون ٹیکس میں کمی سمیت ٹیکس رعایت کا مطالبہ کررہے ہیں ، وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے نے ملک میں فائیو جی ڈیوائسز کی کمی کو دور کرنے کے لیے ٹیکسوں میں کمی کی سفارش کی تھی ، ایف بی آر نے وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے کا ٹیکسوں میں فوری کمی سے متعلق مطالبہ مسترد کردیا ۔
ایف بی آر حکام نے درآمد شدہ موبائل فونز پر ٹیکسوں میں فوری کمی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ موبائل فون ٹیکس میں کمی سے ٹیکس وصولی کے مجموعی اہداف متاثر ہوں گے ، ایف بی آر آئندہ بجٹ میں موبائل فون ٹیکس پر نظرثانی کے موقف پر قائم ،وزارت خزانہ اور ایف بی آر کی ایک کمیٹی آئندہ بجٹ میں موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی سے متعلق امور کا جائزہ لے رہی ہے ۔

