اسلام آباد (اردو ٹائمز) سی ڈی اے انتظامیہ نمائندہ یونین کے ساتھ مل کر ملازمین کے مسائل حل کرے گی۔ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) سی ڈی اے انتظامیہ نمائندہ یونین کے ساتھ مل کر ملازمین کے مسائل حل کرے گی۔ ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ چوہدری محمد یٰسین قومی صنعتی تعلقات ایکٹ 2012 کے تحت جوائنٹ ورک کونسل کا اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم اختر، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈی، ڈائریکٹر جنرل ایڈمن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ، ڈائریکٹر لیبر ریلیشنز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سینی ٹیشن، سی بی اے یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، اورنگزیب خان، راجہ شاکر زمان کیانی، وارث دلیپ، اظہر تنولی، ملک عاصم، واجد گجر، راجہ عدنان شفیق، چوہدری زاہد احمد سمیت جوائنٹ ورک کونسل کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملازمین کو درپیش مسائل پر ایجنڈے کے مطابق تفصیلی بحث کی گئی، جس پر سی ڈی اے انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ ان شاء اللہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ان مسائل میں ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ، اپ گریڈیشن، الاونسز میں اضافہ، نئے الاونسز کی منظوری، سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کے لیے خطرہ الاونس، فیلڈ دفاتر کی تعمیر، ہاؤس بلڈنگ، موٹر کار اور موٹر سائیکل پالیسی پر نظرِ ثانی، لائن آف پروموشن، تمام زیر التوا سمریوں کی منظوری اور قبرستانوں کے لیے میت بسوں کی منظوری شامل ہے۔
اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے واضح کیا کہ کسی بھی شعبے کی آؤٹ سورسنگ نہیں کی جا رہی اور اگر مستقبل میں ایسی کوئی تجویز زیرِ غور آئی تو ملازمین کی نمائندہ یونین کو اعتماد میں لیا جائے گا اور ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائدِ مزدور اور سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین بلا تفریق ملازمین کی خدمت اور مذاکرات کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین شدید بے چینی کا شکار ہیں۔ جوائنٹ ورک کونسل کے ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے انتظامیہ کی جانب سے مثبت اقدامات قابلِ تحسین ہیں اور امید ہے کہ تمام مسائل جلد اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

