ملتان (اردو ٹائمز) انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشنز (سیکنڈری ایجوکیشن) ساؤتھ پنجاب اور نیب ملتان کے باہمی اشتراک سے جنوبی پنجاب کی سطح پر تقریری اور مضمون نویسی کے فائنل مقابلہ جات گورنمنٹ سائنس کالج ملتان میں منعقد ہوئے
Share
ملتان (اردو ٹائمز) انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشنز (سیکنڈری ایجوکیشن) ساؤتھ پنجاب اور نیب ملتان کے باہمی اشتراک سے جنوبی پنجاب کی سطح پر تقریری اور مضمون نویسی کے فائنل مقابلہ جات گورنمنٹ سائنس کالج ملتان میں منعقد ہوئے۔ان مقابلہ جات میں ڈویژن کی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ طلبہ و طالبات نے ”انسدادِ بدعنوانی“ کے موضوع پر پُر جوش تقریریں اور معیاری مضامین پیش کیے جنہیں سامعین اور مہمانانِ گرامی نے بے حد سراہا۔اس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوان نسل میں بدعنوانی کے نقصانات سے آگاہی پیدا کرنا، دیانت داری، شفافیت، قومی ذمہ داری اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینا تھا تاکہ وہ ایک بہتر اور کرپشن سے پاک معاشرے کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔تقریب کے معزز مہمانانِ گرامی ایڈیشنل ڈائریکٹر (نیب) ملتان عمر دراز رندھاوا، ایڈیشنل سیکرٹری (ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ) ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر عظیم قریشی، ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ ملتان عارف رحیم، ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز (سیکنڈری ایجوکیشن) ساؤتھ پنجاب زاہدہ بتول، ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز (کالجز) ساؤتھ پنجاب ملتان پروفیسر ڈاکٹر فرید شریف، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب ملتان عدنان فیصل گوندل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ملتان انعم خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر (جنرل) ملتان ڈویژن سید محمود نبی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈمن) ڈی پی آئی سیکنڈری ساؤتھ پنجاب ملتان ڈاکٹر عمیر نثار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈمن) ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ساؤتھ پنجاب در شہوار تھے تقریب میں مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے نوجوان نسل کی کردار سازی نہایت اہم ہے۔ اس طرح کے علمی و تخلیقی مقابلہ جات طلبہ میں اعتماد، اخلاقی شعور اور قومی ذمہ داری کا احساس بیدار کرتے ہیں۔ نیب اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے کیے جانے والے یہ پروگرام معاشرے میں شفافیت اور قانون کی بالا دستی کے پیغام کو مضبوط بناتے ہیں۔یہ ساؤتھ پنجاب لیول کا آخری اور فائنل مقابلہ تھا، جس میں اسکول، کالج اور یونیورسٹی، تینوں سطحوں کے طلبہ و طالبات نے ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کیا اور بہترین کارکردگی پیش کی۔ جیتنے والے طلبہ کے ناموں کا اعلان اختتامی تقریب میں کیا گیا جبکہ تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس اور یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسدادِ بدعنوانی کے لیے اس طرح کی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی، تاکہ نوجوان نسل کو ایک مثبت، شفاف اور دیانت دار معاشرہ فراہم کیا جا سکے۔سکول لیول کے مقابلہ جات میں اردو تقریر نگاری میں اسماویہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شمس آباد نمبر 2 ملتان جبکہ انگلش تقریر میں گوہر علی حیدر دانش پبلک سکول رحیم یار خان نے پہلی پوزیشنز حاصل کیں – اسی طرح اردو مضمون نویسی میں محمد اویس گورنمنٹ دارالعلوم ہائی سکول کبیروالا خانیوال اور انگلش مضمون نویسی میں زینب جمشید گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دھارانوالا بہاولنگر نے پہلی پوزیشننز حاصل کیں۔ تقریب کا اختتام کرپشن کے خلاف جہاد آگاہی مہم بذریعہ واک ہوا۔

