لاہور (اردو ٹائمز) طیفی بٹ کی ہلاکت پر سی سی ڈی کا موقف سامنے آگیا
Share

لاہور (اردو ٹائمز)(آئی پی ایس) انسداد دہشت گردی سیل (سی سی ڈی) نے اشتہاری مجرم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کی ہلاکت سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق طیفی بٹ کے خلاف 2024 میں تھانہ چوہنگ میں مقدمہ نمبر 1163 درج تھا اور وہ قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ 10 اکتوبر کو وہ قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچا جہاں سی سی ڈی ٹیم نے اسے تین بجے کے قریب اپنی تحویل میں لے لیا۔
11 اکتوبر کی صبح سی سی ڈی ٹیم جب سنجر پور، ضلع رحیم یار خان کے قریب پہنچی تو اچانک متعدد مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سی سی ڈی کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ حملہ آور گرفتار ملزم کو چھڑوا کر فرار ہو گئے۔
سی سی ڈی نے فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی اور تقریباً صبح 5 بجے رحیم یار خان کے قریب دو مشکوک گاڑیاں دیکھیں۔ انہیں روکنے کی کوشش پر ایک بار پھر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔
ترجمان کے مطابق اس فائرنگ میں ایک شخص شدید زخمی حالت میں ملا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اس کی شناخت خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کے طور پر ہوئی۔ جھڑپ کے دوران ایک اور پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔