اسلام آباد (اردو ٹائمز) موبی لنک بینک نے اے ایم سی-9کی تقریب میں ڈیجیٹل جدت ومالیاتی شمولیت پر 4 ایوارڈز جیت لئے
Share

اسلام آباد، 8 اکتوبر، 2025 (اردو ٹائمز)۔ پاکستان کے صف اول کے ڈیجیٹل مائیکروفنانس بینک، موبی لنک بینک نے اپنی شاندار کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے نویں سالانہ مائیکروفنانس کانفرنس (اے ایم سی-9) میں چار اہم ایوارڈز اپنے نام کر لئے ہیں۔ یہ اعزازات بینک کی طرف سے جدت، مالی شمولیت اور خواتین کی بااختیاری کے عزم کو تقویت دیتے ہیں۔
اس سال کی کانفرنس کا موضوع ‘مائیکروفنانس کی نئی بیداری’ تھا، جس میں موبی لنک بینک کو فعال قرض داروں (چھوٹے قرضے) کے لحاظ سے بہترین مائیکروفنانس بینک، ایم-والٹس (جاز کیش کے زیر تعاون) کے شعبے میں ٹاپ مائیکروفنانس بینک، جدت کے اعتبار سے ٹاپ مائیکروفنانس بینک، اور خواتین قرض داروں کے اعتبار سے لیڈنگ مائیکروفنانس بینک کے طور پر سراہا گیا۔ یہ تمام اعزازات اس بات کا ثبوت ہیں کہ خواتین کی شمولیت، ڈیجیٹل طریقوں سے چھوٹے قرضوں کے ذریعے بینک ملک میں مائیکرو کریڈٹ سہولتوں کے فروغ، ڈیجیٹل مالی خدمات کے پھیلاؤ، صنفی مساوات کے فروغ اور بینکاری کے جدید رجحانات میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔
موبی لنک بینک کے چیئرمین عامر ابراہیم نے اس کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا، ”یہ ایوارڈز اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ حقیقی مالی شمولیت صرف رسائی تک محدود نہیں بلکہ اس سے معاشرے پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ موبی لنک بینک اور جاز کیش میں ہم ٹیکنالوجی کو انسانی ہمدردی کے ساتھ جوڑ کر لاکھوں پاکستانیوں بالخصوص خواتین کو باضابطہ انداز سے معیشت میں پُراعتماد شمولیت کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔ یہ اعتراف ہمارے اس یقین کو مضبوط کرتا ہے کہ جب جدت کی قبولیت کے عمل میں خواتین کی شمولیت ہو تو پھر ترقی ناگزیر ہوجاتی ہے۔”
اس موقع پر موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا، ” AMC-9کی تقریب میں چار ایوارڈز حاصل کرنا بلاشبہ موبی لنک بینک کے لیے قابل فخر ہے اور یہ ہمارے عزم کا اعتراف ہے کہ ہم مالی شمولیت، جدت اور خواتین کی بااختیاری کے لیے عملی قدم اٹھا رہے ہیں۔ ہم جاز کیش کے ذریعے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد چھوٹے قرضے فراہم کر کے پسماندہ طبقات کے لوگوں میں عظمت، سہولت اور مواقع پیدا کررہے ہیں جس سے پاکستان کے سماجی و معاشی منظرنامہ مستحکم ہورہا ہے۔ کرونا کے ایام میں تعاون سے لیکر حالیہ سیلابوں کے دوران موبی لنک بینک ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر دیانت داری اور بامقصد انداز سے جامع ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں ”
پاکستان بھر میں مالی سہولتوں تک رسائی کے تصور کو نئی جہت دیتے ہوئے موبی لنک بینک اب تک 8.2 ملین سے زائد فعال چھوٹے قرضداروں کو خدمات فراہم کر چکا ہے اور قرضوں کی مجموعی فراہمی 45.9 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا ڈیجیٹل فنانشل سروسز (ڈی ایف ایس) پلیٹ فارم، جاز کیش اس وقت 53.5ملین والٹ ہولڈرز کو خدمات فراہم کررہا ہے جن میں 33 فیصد اکاؤنٹس خواتین کے زیر استعمال ہیں۔ اس انڈسٹری میں اپنی نوعیت کی پہلی پیش رفت کے طور پر R23کور بینکنگ اپ گریڈ سے بینک کی ڈیجیٹل جدت اور بہترین عملی کارکردگی کا عزم مزید نمایاں ہوتا ہے۔
اے ایم سی-9 کانفرنس پاکستان مائیکروفنانس نیٹ ورک (PMN) نےUNIDO-PAIDARکے اشتراک سے مشترکہ طور پر منعقد کی۔ کانفرنس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان(SBP)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(SECP)، ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB)سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی ماہرین اور جدت ساز اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
جدید ٹیکنالوجی، سہولت اور مالی شمولیت پر ازسرِنو توجہ کے ساتھ موبی لنک بینک اپنی بنیادی مشن پر کاربند ہے، جس میں ڈیجیٹل مالی شمولیت کو فروغ دینا، خواتین کو بااختیار بنانا، اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے مائیکروفنانس کے نئے راستے کھولنا شامل ہے