اسلام آباد (اردو ٹائمز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی بڑی کارروائی
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی بڑی کارروائی، سپرنٹنڈنٹ سمیت دو انسپکٹرز گرفتار وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل نے کسٹمز کے ایک سپرنٹنڈنٹ اور دو انسپکٹرز کو رشوت لینے، اختیارت کے غلط استعمال اور مجرمانہ حرکات پر گرفتار کر لیا۔متاثرہ شہری نے ایف آئی اے کو بتایا کہ ان افسران نے اسے دھمکیاں دیں اور کسٹمز کے زیر التواء مقدمے میں رعایت کی مد 50 لاکھ طلب کئے۔جو بعدازاں 25 لاکھ کی پہلی قسط کی مد میں طے ہوا۔ ملزمان نے دھمکی دی تھی کہ اگر رقم نا دی گئی تو شکایت کندہ کے دیگر رشتہ داروں کو بھی مقدمے میں الجا دیا جائے گا۔ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد اینٹی کرپشن سرکل نے سیکٹر آئی-8 کے مقررہ کیفے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کاروائی کے دوران ایک کسٹمز انسپکٹر سے جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں پہلی قسط ( نشان زدہ ) نوٹ رقم 25 لاکھ برآمد کرکے موبائل فون بھی ضبط کر لیا گیا۔ موبائل فون کے ابتدائی فرانزک کے دوران شکایت کنندہ سے رقم بٹورنے اور اسکے خاندان کو تنگ کرنے کی سازش کا انکشاف ہوا۔ ملزمان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 161 اور 109 اور کرپشن روک تھام ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت ایف آئی آر نمبر 39/2026 درج کی گئی۔ گرفتار انسپکٹر کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اسے 5 دن کی جسمانی ریمانڈ دے دی گئی۔ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کسٹمز سپرنٹنڈنٹ اور ایک اور انسپکٹر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور رشوت اور اختیار کے غلط استعمال میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف بغیر کسی امتیاز کے سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

