LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (اردو ٹائمز) 6 ماہ کے دوران جرائم میں61 فیصدجبکہ سنگین جرائم میں 39.3 فیصد کمی ہوئی

Share

اسلام آباد (اردو ٹائمز) 6 ماہ کے دوران جرائم میں61 فیصدجبکہ سنگین جرائم میں 39.3 فیصد کمی ہوئی، جدید پولیسنگ، سیف سٹی نگرانی اور انٹیلی جنس بیسڈ کاروائیوں نے اہم کردار ادا کیا،وفاقی پولیس کے مطابق جرائم میں نمایاں کمی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، مسلسل اور مؤثر پولیسنگ، اور سیف سٹی کے جدید نگرانی کے نظام کی بدولت ہے، جو دارالحکومت کے تقریباً تمام علاقوں کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ان اعداد و شمار کا جائزہ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیا گیا، جس میں دیگر سینئر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں دارالحکومت کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، انسدادِ جرائم کے اقدامات، تفتیشی کارکردگی، سیف سٹی نگرانی کے نظام، انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ، ایمرجنسی رسپانس، منظم جرائم پیشہ گروہوں، اشتہاری و عادی مجرمان، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے جرائم میں اس نمایاں کمی کو ”پریوینٹ، پیٹرول، پرسیو “پر مبنی مؤثر پولیسنگ حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پریوینٹو پولیسنگ، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، شہر بھر میں مؤثر گشت اور سیف سٹی کے جدید نگرانی کے نظام نے جرائم کی بروقت نشاندہی اور ملزمان کی فوری گرفتاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کی انوسٹی گیشن ونگ نے بھی میرٹ، جدید سائنسی شواہد اور پیشہ ورانہ مہارت کی بنیاد پر ملزمان کو ٹریس کرنے اور اہم مقدمات کو کامیابی سے حل کرنے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پولیس افسران و جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم میں یہ نمایاں کمی اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، انتھک محنت، لگن اور فرض شناسی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس پریوینٹو پولیسنگ کو مزید مؤثر بنائے گی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو وسعت دے گی اورسیف سٹی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بڑے مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جاتی ہے اور مضبوط، ٹھوس شواہد پر مبنی چالان عدالتوں میں پیش کیے جاتے ہیں تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جاسکے۔آئی جی نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، قانون کی بلاامتیاز عملداری، بروقت انصاف کی فراہمی اور اسلام آباد کو پاکستان کے محفوظ ترین شہروں میں شامل رکھنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

X