اسلام آباد (اردو ٹائمز) ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کی موثر کارروائی – بینک فراڈ کے ذریعے نکلوائی گئی 28 لاکھ 39 ہزار روپے کی رقم شہری کو واپس دلوا دی
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کی موثر کارروائی
اسلام آباد: فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے الائیڈ بینک لمیٹڈ افشاں کالونی برانچ راولپنڈی سے متعلق ایک شکایت پر موثر کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ شہری کی مکمل رقم بازیاب کروا لی۔
شکایت کنندہ نے ایف آئی اے کو آگاہ کیا کہ ان کے اکاؤنٹ سے 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب مختلف آئی بی ایف ٹیز اور راست پیمنٹس کے ذریعے 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے ان کی مرضی کے بغیر نکلوا لیے گئے۔ مذکورہ لین دین کے حوالے سے موبائل پر کوئی الرٹ موصول نہ ہونے کی وجہ سے شہری بروقت اس فراڈ سے آگاہ نہ ہو سکے۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے بینک حکام سے متعلقہ ریکارڈ طلب کیا۔ مکمل چھان بین اور شواہد کی روشنی میں بینک انتظامیہ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے متاثرہ شہری کی مکمل رقم 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے الائیڈ بینک کی جانب سے بازیاب کروا کر شکایت کنندہ کے اکاؤنٹ میں واپس منتقل کروا دی گئی۔
شہریوں کو خبردار کیا جاتا ہے کہ مالیاتی اور بینکاری فراڈ سے ہوشیار رہیں۔ کسی بھی مشکوک لین دین یا فراڈ کی صورت میں فوری طور پر ایف آئی اے سے رابطہ کریں۔

