لاہور (اردو ٹائمز) یاد حسین علیہ السلام محفل مسالمہ سوزوسلام مذہبی ہم آہنگی کی ایک زندہ مثال بن گئی – پیر سید سہیل بخاری
Share
لاہور (اردو ٹائمز) ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ سالوں کی طرح محرم الحرام کے ماہ میں یاد حسین علیہ السلام محفل مسالمہ سوزوسلام پلاک ہال 2 پنجابی کمپلیکس قذافی سٹیڈیم فیروز پور روڈ لاہور میں بڑے عقیدت واحترام سے منعقد کی گئی – ہال کے سلسلے میں پلاک کاتعاون حاصل ہوا – اس عقیدت بھری محفل کی نظامت کے فرائض معروف کمپئیر ریاض خان نے انجام دیئے – ریاض خان نے
معزز علماءِ کرام ، مشائخِ عظام، معزز مہمانانِ گرامی ، شعرائے کرام ، سوز و سلام پیش کرنے والے حضرات ، اہلِ قلم ، خواتین و حضرات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ بابرکت اور روح پرور محفل ، صرف ایک تقریب نہیں بلکہ محبت ، وفا ، ایثار ،قربانی اور حق کی سربلندی کے اُس عظیم پیغام کی تجدید ہے جو چودہ صدیاں پہلے میدانِ کربلا میں رقم ہوا – کربلا ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اقتدار سے زیادہ کردار کی اہمیت ہے ، طاقت سے بڑھ کر سچائی کی عظمت ہے ، اور زندگی کی اصل کامیابی حق پر ثابت قدم رہنے میں ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے اپنے اہلِ بیتؓ اور جانثار ساتھیوں کے ساتھ یہ ثابت کر دیا کہ مسلمان ظلم کے سامنے سر تو کٹا سکتا ہے ، مگر باطل کے سامنے سر نہیں جھکا سکتا۔
اقبال نے کیا خوب کہا ہے:
“غریب و سادہ و رنگیں ہے داستانِ حرم نہایت اس کی حسینؓ، ابتدا ہے اسماعیلؑ” خواتین و حضرات! آج کی یہ محفل نہ صرف حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے بلکہ اس عہد کی تجدید بھی ہے کہ ہم حق ، انصاف ،محبت ، رواداری اور اتحاد کے راستے پر چلنے کی کوشش کریں گے – تلاوتِ کلامِ پاک ہر بابرکت محفل کی ابتدا اللہ تعالیٰ کے مقدس کلام سے بہتر اور کیا ہو سکتی ہے۔ میں انتہائی ادب و احترام کے ساتھ دعوت دیتا ہوں محترم قاری غلام غوث ہجویری کو کہ تشریف لائیں اور کلامِ الٰہی کی سعادت سے ہماری محفل کو منور فرمائیں – ریاض خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآنِ مجید کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ حمد باری تعالٰی کیلئے غلام مصطفٰی قادری کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ تشریف لائیں اور بارگاہ الہی میں نذرانہ پیش کر یں – نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کربلا کی داستان ، عشقِ رسول ﷺ سے شروع ہوتی ہے، کیونکہ امام حسینؓ، نواسۂ رسول ﷺ ہیں۔ آئیے! اب بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ دعوت دیتا ہوں نعت خواں فراست قادری کو کہ وہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدہت بیان کریں – اللہ تعالیٰ آپ کی محبتِ رسول ﷺ میں مزید اضافہ فرمائے – تقریب کا باقاعدہ آغاز گلوکار عمران جعفری نے اپنے مخصوص انداز میں امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے رفقاء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا – گلوکارہ ہما عمران ، گلوکار عباس جٹ ، گلوکار علی عمران شوکت ، گلوکار ناصر بیراج ، گلوکارہ گلشن جہاں نے امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو ترنم سے سوز و سلام پیش کی – پیر سید سہیل بخاری سیکرٹری جنرل ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ کسی ایک مکتبۂ فکر کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے محبوب ہیں – یزید ظلم اور بربریت کا نام تھا اور امام حسین علیہ انسانیت اور صبر کا نام ہے-
ان کی عظیم قربانی انسانیت کے لیے روشنی کا مینار ہے –
آج دنیا ظلم کے اندھیروں سے نکلنے کا راستہ تلاش کر رہی ہے ، اور کربلا آج بھی انسانیت کو عدل ، صبر ، استقامت اور حق گوئی کا سبق دے رہی ہے –
آج کی عقیدت بھری محفل مذہبی ہم آہنگی کی ایک زندہ مثال بن گئی ہے – انسان کو بیدار تو ہو لینےدو ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسین علیہ السلام – ابھرتی ہوئی ذاکرہ کنیز حسین کربلائی نے شہدائے کربلا کی داستان شہادت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام اور رفقاء کی قربانی کو تا قیامت یاد رکھا جائے گا – مشہور و معروف نعت خواں ، علما و مشائخ پروفیسر ماجد علی قادری ایڈووکیٹ ، قاری مقبول احمد مجددی و دیگر نے امام عالی مقام کے حضور اپنے بہترین الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا – معروف شعراء کرام سید فاطر شہید ، ڈاکٹر عزیز الرحمان ، یاسر گیلانی ، خاور ہاشمی نے مسالمہ پیش کیا – ریاض خان نے محفل کے آخر میں کہا کہ
خواتین و حضرات ! اب محفل کا وہ روحانی لمحہ آ پہنچا ہے جب دل محبتِ اہلِ بیتؓ سے لبریز ہو جاتے ہیں –
سوز و سلام دراصل عقیدت و احترام اور محبت کا خوبصورت اظہار ہے – دعوت دیتا ہوں محترم غلام غوث قادری کو کہ تشریف لائیں اور بارگاہِ اہلِ بیتؓ میں اپنا نذرانۂ عقیدت پیش کریں اور علی عمران شوکت سوزوسلام پیش کر یں ، تمام شرکاء نے ادب و احترام سے کھڑے ہو کر امام حسین علیہ السلام اور انکے رفقاء کو سلام پیش کیا – اللہ تعالیٰ اس محبت اور عقیدت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے – پیر سید سہیل بخاری سینئر ترین ایونٹ آرگنائزر اور سیکرٹری جنرل ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان نے کہا کہ کربلا کا پیغام صرف غم نہیں بلکہ عزم بھی ہے – صرف آنسو نہیں بلکہ کردار بھی ہے – صرف یاد نہیں بلکہ عمل بھی ہے – امام حسینؓ نے بتایا کہ عزت کی زندگی ہی مومن کا سرمایہ ہے – اللہ تعالیٰ ہمیں بھی حق پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے – اس محفل میں ہال بھر گیا اور حاضرین نے کھڑے ہوکر اس عقیدت بھری محفل کو سراہا اور پیر سید سہیل بخاری کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایسی بے لوث شخصیت کی مکمل سرپرستی اور تعاون کرنا چاہئے – اکثر ادارے کاروباری تنظیموں کے ساتھ معاہدے کرتے ہیں جن کامقصد صرف پیسہ کمانے کے علاوہ کچھ نہیں ہے – محفل میں انٹرنیشنل پرموٹر تجمل ظہور بالم بٹ چیف آرگنائزر ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان ، محمد فیاض چیف ایگزیکٹو ورسٹائل پرفارمنس گروپ اور انکے رفقاء خواتین و حضرات، قیصر سلطان ، سینئر صحافی و سماجی شخصیت خالد اعجاز مفتی ، فیصل تابانی ، حسنین مہدی ، مذہبی رہنما مختار شاہ کربلائی اور ساتھی اور ہر مسلک کی شخصیات اور افراد نے بھرپور شرکت کی – شرکاء کی ہمدرد کی جانب سے شربت بزوری سے پیاس بجھانے کی کوشش کی گئی – اختتام میں لنگر حسینی اور پانی کا وافر انتظام کیا گیا تھا –

















