اسلام آباد (اردو ٹائمز) پولیس کا09اور 10محرم الحرام کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) پولیس کا09اور 10محرم الحرام کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات۔11ہزار سے زائد افسران و جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دئیے،جلوس کے روٹس کوسیف سٹی اور موبائل کنٹرول روم سے مانیٹر کیا گیا، مرکزی جلوس سمیت مختلف مجالس اور جلوسوں کے دوران ٹریفک کے مربوط نظام کو بھی برقراررکھاگیا،جبکہ شہریوں کی آمدو رفت کیلئے متبادل راستے مہیا کئے گئے،بہترین حفاظتی انتظامات کی بدولت وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی فضاءکو برقراررکھاگیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے 09 اور 10 محرم الحرام کے دوران شہر بھر میں منعقد ہونے والے مختلف مجالس اور جلوسوں کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات سمیت ٹریفک کے مربوط نظام کو برقرار رکھا گیا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 09 محرم الحرام پر 6500 اور 10 محرم الحرام پر 4000 سے زائد افسران و جوانوں سمیت اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 500 سے زائد افسران نے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں اپنا بہترین کردار ادا کیا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سینئر افسران کے ہمراہ خود فیلڈ میں رہتے ہوئے تمام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور افسران کو ڈیوٹی کے متعلق موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ جلوس کو مختلف لئیر میں سکیورٹی فراہم کی گئی۔ جلوس کے روٹ میں چھتوں پر سنائپر کمانڈوز تعینات کرنے سمیت جلوس کے علاقوں میں پرائیویٹ ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ جبکہ جلوس کے فرنٹ اور بیک پر اسلام آباد پولیس کے اسپیشلائزڈ یونٹس بشمول SWAT کمانڈوز، ڈیلٹا فورس، ریڈ زون کمانڈوز، اے پی سی یونٹس، سی ٹی ڈی، ضلعی پولیس اور رینجرز کے خصوصی دستے تعینات تھے۔ خواتین کی چیکنگ کے لئے لیڈیز پولیس اور خواتین رضاکار تعینات تھیں۔ اسی کے ساتھ جلوس میں پیدل داخلے کے لئے خصوصی راستے مختص کئے گئے تھے جن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی اور موثر چیکنگ کیلئے جلوس کے داخلی راستوں پر خصوصی سکینرز لگا گئے تھے۔ جبکہ مختص کردہ راستوں اور موثر چیکنگ کے بغیر کسی بھی شخص کو داخلے کی ہرگز اجازت نہیں دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو جلوس میں موجود رہنے سمیت سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے احکامات جاری کئے تھے۔ جلوس کے روٹ کو سیف سٹی کنٹرول روم اور موبائل کنٹرول روم سے مسلسل مانیٹر کیا گیا، جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے جدید تکنیک کے حامل روبوٹس اور دیگر آلات کے ذریعے جلوس کے روٹس اور امام بارگاہوں کو کلئیر کیا۔ اسی کے ساتھ مجالس اور جلوسوں کے دوران ٹریفک کی روانی کو بھی بہتر انداز میں برقرار رکھا گیا تاکہ دوران سفر شہریوں کو کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس کے موثر انتظامات کی بدولت وفاقی دارالحکومت میں موثر ٹریفک کا نظام کو برقرار رہا۔ جبکہ ٹریفک کے مربوط نظام کو برقرار رکھنے کیلئے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا تھا اور جلوس کے روٹ کے آس پاس گاڑیوں کی پارکنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ سیدمحسن رضا نقوی کی ہدایات کی روشنی میں تمام انتظامات کو جدید، مربوط اور فول پروف بنایا گیا تاکہ شہریوں کو پرامن، محفوظ اور بہترین سہولیات مہیا کی جاسکیں۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس، رینجرز، پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ، امن کمیٹیوں، منتظمین مجالس و جلوس اور شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں وفاقی دارالحکومت میں مثالی امن و امان برقرار رکھا گیا۔





