اسلام آباد (اردو ٹائمز) نمایاں خدمات پر ماہر تعلیم ڈاکٹر بلال احمد کو تمغۂ امتیاز سے نواز دیا گیا۔
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) حکومتِ پاکستان کی جانب سے شعبہ دندان سازی اور تعلیمی خدمات میں نمایاں کارکردگی پر معروف ڈینٹل سرجن، ماہر امپلانٹولوجسٹ، ماہر تعلیم اور شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے اسکول آف ڈینٹسٹری کے پرنسپل و ڈین پروفیسر ڈاکٹر بلال احمد کو تمغۂ امتیاز سے نواز دیا گیا۔
یہ اعزاز گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ اعزازات میں دیا گیا، جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کو قومی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر بلال احمد نے 2002 میں ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری سے گولڈ میڈلسٹ کے طور پر گریجویشن مکمل کی، جبکہ 2009 میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان سے ایف سی پی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ وہ ڈینٹل امپلانٹس، ریسٹوریٹو ڈینٹسٹری، کلینیکل ایجوکیشن اور اکیڈمک لیڈرشپ کے شعبوں میں اپنی مہارت کے باعث ملک بھر میں منفرد شناخت رکھتے ہیں۔
دو دہائیوں سے زائد پیشہ ورانہ تجربے کے حامل پروفیسر ڈاکٹر بلال احمد نے مختلف تدریسی اور طبی اداروں میں اہم خدمات انجام دیں اور پاکستان میں جدید ڈینٹل تعلیم، پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ اور مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
وہ اسلام آباد میں قائم “میڈی ڈینٹ اسپیشلسٹ کلینکس – ڈاکٹر بلال اینڈ ایسوسی ایٹس ڈینٹل پریکٹس” کے بانی بھی ہیں، جہاں 2003 سے معیاری دندان سازی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
قومی اعزاز ملنے پر دندان سازی سے وابستہ ماہرین، تعلیمی حلقوں، طبی برادری، ساتھی ڈاکٹروں اور طلبہ نے پروفیسر ڈاکٹر بلال احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کے طبی اور ڈینٹل شعبے کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ قرار دیا ہے۔

