LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (اردو ٹائمز) ذبیح اللہ مجاہد کا 58 پاکستانی فوجی شہید کرنے کا دعویٰ

Share

ذبیح اللہ مجاہد نے ہفتے کی رات سے جاری پاکستانی جوابی کارروائی پر اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ افغان افواج نے جوابی کارروائی کے دوران متعدد پاکستانی چوکیاں تباہ کیں اور کچھ ہتھیار عارضی طور پر اپنے قبضے میں لے لیے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران نو افغان فوجی ہلاک اور 16 زخمی ہوئے، اور مزید دعویٰ کیا کہ 20 پاکستانی سیکیورٹی پوسٹس کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ افغانستان کی جانب سے یہ کارروائیاں رات بارہ بجے قطر اور سعودی عرب کی درخواست پر روک دی گئیں۔
افغان ترجمان کے مطابق طالبان کی یہ جوابی کارروائیاں ڈیورنڈ لائن کے قریب افغان صوبوں کنڑ، ہلمند اور دیگر سرحدی علاقوں میں کی گئیں۔ طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ یہ حملے پاکستان کی جانب سے افغانستان کی سرزمین پر کیے جانے والے مبینہ فضائی حملوں کے جواب میں کیے گئے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے الزام عائد کیا کہ داعش خراسان (ISIS-K) کو افغانستان میں شکست کے بعد اب پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں پناہ دی گئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ داعش کے تربیتی مراکز خیبرپختونخوا میں قائم ہیں، جہاں جنگجوؤں کو کراچی اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان نے کابل میں ایک اعلیٰ سطحی وفد بھیجنے کی درخواست کی تھی، تاہم طالبان حکومت نے جمعرات کی شب پاکستان کے فضائی حملوں کے بعد اس درخواست کو مسترد کر دیا۔
قبل ازیں، افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے ہفتے کی شب ایک بیان میں کہا کہ طالبان فورسز نے پاکستان کی جانب سے بار بار سرحدی خلاف ورزیوں اور فضائی حملوں کے جواب میں ”جوابی کارروائیاں“ کیں۔

طالبان کے دعوؤں پر تاحال پاکستان کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا ہے اور افغان سرزمین پر دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ساتھ ہی 19 افغان چوکیوں پر قبضہ بھی کرلیا گیا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے متنبہ کیا کہ افغانستان کی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی کا جواب دیا جائے گا، اور امارتِ اسلامیہ اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

X