اسلام آباد(اردو ٹائمز) عمران خان پر اب سختی شروع کر دی گئی ہے، علیمہ خان
Share
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان پر اب سختی شروع کر دی گئی ہے، یہ لوگ چاہتے ہیں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو جلد از جلد سزا دے دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان پر اب سختی شروع کر دی گئی ہے ہمارے گھر کے لوگوں کو ملنے نہیں دیا جاتا، تین لوگوں سے زیادہ کسی کو بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا جارہا، اس کی وجہ 8 ستمبر کا جلسہ ہے جس سے یہ لوگ خوف زدہ ہیں، کل بھی صرف عمر ایوب اور شبلی فراز کو جانے دیا تھا اور آج بھی متعدد رہنماء باہر بیٹھے رہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ آج توشہ خانہ کی ضمانت کے لیے درخواست دی تو پراسیکیوشن نے کہا تیاری نہیں ،جج صاحب نے بھی پیر کی تاریخ دے دی، اب یہ چاہتے ہیں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو جلد از جلد سزا دے دی جائے، قاضی فائز عیسی نے اپنے ریمارکس کے ذریعے جج کو پیغام بھیجا ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوگی تو ہائی کورٹ سے ضمانت میں لگ جائیں گے، اب ہم انتظار کر رہے ہیں کہ القادر ٹرسٹ میں کیا سزا دیں گے؟ القادر ٹرسٹ کو بند کریں گے تو سوال ہوگا جو بچے دین پڑھ رہے ہیں ان کا نقصان ہوگا ہم کب تک ان کا تماشا برداشت کرتے رہیں گے۔