اسلام آباد(اردو ٹائمز) پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
Share

ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور دیگر ملزمان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرجوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پی ٹی آئی وکیل سینیٹر علی ظفر، علی بخاری و دیگر پیش ہوئے جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے پراسیکیوٹر شیخ عامر عدالت میں پیش ہوئے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ٹیکنیکل رپورٹ موصول ہوئی ہے، تمام ملزمان ایک دوسرے سے رابطے میں تھے۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ رؤف حسن و دیگر کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہوچکا ہے، رؤف حسن کی طبیعت ٹھیک نہیں، چیک اپ کرایا جائے۔
دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے رؤف حسن کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر ڈیوٹی جج مرید عباس نے رؤف حسن اور دیگر کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔