لاہور/اسلام آباد (اردو ٹائمز) پاکستان میں جدید ہائبرڈ اور بائیوٹیک بیج ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لیے سنجینٹا کی حکومتی حکام سے مشاورت
Share
لاہور/اسلام آباد (اردو ٹائمز): سنجینٹا گروپ کے شعبہ بیج کے سربراہ برائے افریقہ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا، منجی ینگ نے حکومتی حکام کے ساتھ مشاورتی ملاقاتوں کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کیا۔ان کے ہمراہ وفد میں سنجینٹا پاکستان کے کنٹری جنرل منیجر ذیشان بیگ، ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز سید علی مرتضیٰ اور ہیڈ آف فیلڈ کراپس خرم شہزاد شامل تھے۔ملاقاتوں میں جدید بیج ٹیکنالوجیز پاکستان میں متعارف کرانے ، زرعی پیداوار میں اضافے، اور غذائی تحفظ کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ان ملاقاتوں میں اہم فصلوں بالخصوص کپاس، مکئی، ہائبرڈ گندم، چاول اور سورج مکھی کے لیے جدید بیج ٹیکنالوجیز متعارف کرانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ اس حوالے سے کپاس پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت اور برآمدات میں اہم کردار ادا کرتی ہے ، جبکہ گندم قومی غذائی تحفظ کی بنیادی ضرورت ہے۔ ان فصلوں کے ساتھ مکئی، چاول اور سورج مکھی میں بھی جدید بیج ٹیکنالوجیز کے استعمال سے زرعی پیداوار بڑھانے ، کسانوں کو درپیش مشکلات سے نمٹنے اور عالمی منڈی میں پاکستان کی زرعی مصنوعات کی پوزیشن بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
لاہور میں منجی ینگ اور سنجینٹا پاکستان کی انتظامی ٹیم نے محکمہ زراعت پنجاب کے حکام سے ملاقات کی، جس کی صدارت صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین نے کی۔ یہ ملاقات گزشتہ سال بیجنگ میں سنجینٹا گروپ چین کی قیادت اور حکومت پنجاب کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کا تسلسل تھی، جس میں زرعی شعبے میں تعاون اور جدید بیج ٹیکنالوجیز پاکستان میں متعارف کرانے کے حوالے سے بات چیت کو آگے بڑھایا گیا۔ حکومت پنجاب نے سنجینٹا گروپ کی قیادت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اسلام آباد میں وفد نے وفاقی وزیر اور سیکریٹری برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی (NAFSA) کے چیئرمین، وزیراعظم آفس کے نمائندوں اور وفاقی سیکریٹری تجارت سے ملاقاتیں کیں ۔
ملاقاتوں میں بائیوٹیک بیجوں کی درآمد، کپاس کی اقسام کی منظوری، بائیولوجیکل مصنوعات پر ٹیکس کے اطلاق اور کسٹمز میں ان مصنوعات کی درجہ بندی سے متعلق امور پر بھی بات ہوئی۔ اس کے علاوہ زرعی ادویات کی مدتِ استعمال سے متعلق ضوابط کا جائزہ لیا گیا، جس میں بین الاقوامی طریقہ کار اور سائنسی شواہد کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ یہ پیش رفت حکومت پاکستان کی جانب سے حال ہی میں قومی زرعی بائیوٹیکنالوجی پالیسی کی منظوری کے بعد سامنے آئی ہے۔سنسنجینٹا نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر زرعی پیداوار بڑھانے ، کسانوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور فصلوں کی بہتر پیداوار کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان کے چار روزہ دورے کے دوران منجی ینگ نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں زرعی زمینوں کا دورہ کیا، کسانوں سے ملاقاتیں کیں اور ان سے براہِ راست ان کے مسائل اور مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔

