کراچی (اردو ٹائمز) جناح اسپتال میں ارلی پریگنینسی اسسمنٹ اور ایڈولیسنٹ کیئر ون اسٹاپ سینٹر کا افتتاح
Share
کراچی (اردو ٹائمز) کراچی چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے جناح اسپتال میں ارلی پریگنینسی اسسمنٹ اور ایڈولیسنٹ کیئر ون اسٹاپ سینٹر کا افتتاح کردیا۔تقریب کا اہتمام گائناکالوجی وارڈ 9 بی کی سربراہ اور چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر نگہت علی شاہ کی قیادت میں کیا گیا تھا۔افتتاحی تقریب میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے بطور چیف پیٹرن ، جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد شیر نے بطور پیٹرن شریک ہوئے جبکہ اس موقع پر جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیمان، ایگزیکٹو ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈاکٹر نوشین ، ڈاکٹر یحییٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر صدام، وائی ڈی اے سندھ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر مہران شار، وائی ڈی اے جناح اسپتال کے صدر ڈاکٹر عمار دانش، ترجمان ڈاکٹر محمد علی ،سینئر رہنما ڈاکٹر شاہجہاں گجرانی جنرل سرجن ڈاکٹر شفقت، جنرل سرجن ڈاکٹر نعیم، ڈاکٹر نریش اور سینئر معالجین، ڈاکٹرز، نرسز، ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اور آرگنائزنگ ٹیم کے اراکین بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ نئے مرکز میں حمل کے ابتدائی مرحلے کی تشخیص، طبی مشاورت اور نوعمر افراد کی صحت سے متعلق سہولتیں فراہم کی جائیں گی،ون اسٹاپ سینٹر خواتین اور نوعمر افراد کو ایک ہی چھت تلے محفوظ اور مربوط طبی خدمات فراہم کرے گا۔ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ جناح اسپتال سے میرا تعلق پرانا ہے، ہر دورے پر یہاں صحت کا کوئی نیا منصوبہ دیکھنے کو ملتا ہے، جناح اسپتال میں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو بہترین طبی خدمات فراہم کر رہا ہے، صحت کا شعبہ حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سرکاری اسپتالوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔چیف سیکریٹری سندھجناح اسپتال کو مزید بجٹ، وسائل اور مطلوبہ افرادی قوت فراہم کی جائے گی۔ آصف حیدر شاہ نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی اور غذائی قلت سے خواتین اور بچوں کی صحت سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہے، ماں اور بچے کی صحت کے پروگراموں کو واش، بہبودِ آبادی اور ابتدائی ایک ہزار دن کے منصوبوں سے جوڑنا ہوگا، محدود وسائل اور بڑھتی آبادی کے پیشِ نظر احتیاطی علاج اور مؤثر آبادی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نگہت علی شاہ کا کہنا تھا کہ ارلی پریگنینسی اسسمنٹ اور ایڈولیسنٹ کیئر ون اسٹاپ سینٹر کا قیام ایک محفوظ اور معاون ماحول میں مربوط، مریض پر مرکوز اور شواہد پر مبنی طبی خدمات فراہم کر کے زچہ اور نوعمر لڑکیوں کی صحت کی دیکھ بھال کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے،خواتین کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔


