سرگودھا (اردو ٹائمز) عالمی ہیپاٹائٹس ڈے پر آگاہی سیمینار، احتیاط اور بروقت علاج پر زور
Share
سرگودھا (اردو ٹائمز) عالمی ہیپاٹائٹس ڈے کے موقع پر ٹی بی کنٹرول پروگرام کی انتظامیہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے اشتراک سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور علاج کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔سیمینار میں طلبہ، ٹی بی سپورٹ ورکرز، کونسلرز، ہسپتال کے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف اور پیپلز سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش مگر خطرناک بیماری ہے جو زیادہ تر آلودہ سرنجوں، غیر محفوظ خون کی منتقلی اور غیر معیاری طبی آلات کے استعمال سے پھیلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اور بروقت ٹیسٹ کروا کر اس بیماری سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ڈاکٹر شاہد مجید نے کہا کہ ہیپاٹائٹس قابلِ علاج مرض ہے اور بروقت تشخیص سے مریض مکمل صحت یاب ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ علامات ظاہر ہونے کا انتظار کرنے کے بجائے فوری اسکریننگ کروائیں۔لیکچر کے بعد ڈاکٹر آصف نے شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے اور بتایا کہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ، تشخیص اور علاج کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، لہٰذا مریض ان سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔تقریب کے اختتام پر میڈم صائمہ نے مقررین، مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس بیماری سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ ہو سکیں۔



