راولپنڈی (اردو ٹائمز) کمشنر کپ کے لیے راولپنڈی ڈویژن باسکٹ بال ٹیم کا اعلان
Share
راولپنڈی (اردو ٹائمز) راولپنڈی ڈویژن باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کمشنر کپ باسکٹ بال چیمپئن شپ کے لیے دو روزہ ٹرائلز منعقد ہوئے۔ ٹرائلز کی نگرانی سلیکشن کمیٹی نے کی جبکہ قومی باسکٹ بال کوچ ملک محمد ریاض بھی اس موقع پر موجود تھے۔ٹرائلز کے اختتام پر کمشنر کپ کے لیے راولپنڈی ڈویژن کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔ منتخب کھلاڑیوں میں حماد، حمزہ، ذیشان، نور الزمان، شیراز، محید، بلال، عدنان، محمد خبیب، نین شاہ، یزدان، حسیب، حیدر، ایان عباسی، عمران اور ذکاء اللہ شامل ہیں۔راولپنڈی ڈویژن باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر امتیاز رفیع بٹ نے بتایا کہ منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ راولپنڈی میں لگایا گیا ہے، جو ٹیم کی فیصل آباد روانگی تک جاری رہے گا۔ کیمپ میں کوچز کھلاڑیوں کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کریں گے۔ تمام منتخب کھلاڑیوں کو فوری طور پر تربیتی کیمپ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے امتہازبٹ کا مزید کہنا تھا کہ کمشنر کپ باسکٹ بال چیمپئن شپ 24 سے 28 جولائی 2026 تک فیصل آباد میں منعقد ہوگی، جس میں پنجاب بھر کی ڈویژنل ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ اس ایونٹ کا مقصد صوبے بھر میں باسکٹ بال کے کھیل کو فروغ دینا، بین الاضلاعی مقابلوں کو مزید مضبوط بنانا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ پنجاب میں باسکٹ بال کے معیار کو بھی مزید بلند کریں گی۔

