اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کا زیر التوا مقدمات کے حوالے سے اہم اجلاس
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کا زیر التوا مقدمات کے حوالے سے اہم اجلاس مقدمات کو میرٹ اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق جلد یکسو کرنے، اشتہاری و ریکارڈ یافتہ مجرمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت، تفتیشی افسران دیانتداری، محنت اور قانون کے مطابق فرائض انجام دیں کیونکہ معیاری تفتیش ہی انصاف کی بنیاد ہے، محمد جواد طارق تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیر صدارت زیر التوا مقدمات، تفتیشی امور اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ سمیت اسلام آباد پولیس کے تمام زونل ایس پیز نے شرکت کی، اجلاس کے دوران مختلف تھانوں میں زیر تفتیش مقدمات، چالان کی بروقت تکمیل، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری، سابقہ ریکارڈ یافتہ عناصر کے خلاف کارروائیوں اور مجموعی تفتیشی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر متعلقہ افسران نے ڈی آئی جی اسلام آباد کو مقدمات کی پیش رفت، گرفتاریوں اور تفتیشی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی،ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زیر تفتیش مقدمات کو مقررہ قانونی تقاضوں کے مطابق جلد از جلد یکسو کیا جائے اور مکمل چالان بروقت مجاز عدالتوں میں جمع کروائے جائیں تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، انہوں نے کہا کہ تمام مقدمات کو مکمل میرٹ، شفافیت اور غیر جانبداری کی بنیاد پر نمٹایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اشتہاری مجرمان، سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر اور بلاامتیاز کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے، ایسے عناصر کی گرفتاری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تفتیشی افسران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انتہائی دیانتداری، محنت اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انجام دیں کیونکہ معیاری تفتیش ہی انصاف کی فراہمی کی بنیاد ہے، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور سائلین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے،اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید موثر اور وسیع کیا جا رہا ہے۔




