LOADING

Type to search

پاکستان

مری (اردو ٹائمز) مری میونسپل کارپوریشن مری نے شہر اور گردونواح میں قائم غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف اہم کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا

Share

مری (اردو ٹائمز) تفصیلات کے مطابق عمر شالیٹس لکوٹ مری، پائن گارڈن لکوٹ مری، ہیون سٹی لکوٹ مری سمیت مجموعی طور پر 29 ہاؤسنگ سکیموں کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ اشتہار جاری کرتے ہوئے عوام الناس کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ان سوسائٹیز میں کسی بھی قسم کی خرید و فروخت یا سرمایہ کاری سے مکمل طور پر گریز کریں۔
میونسپل کارپوریشن کے مطابق مذکورہ ہاؤسنگ سوسائٹیز نہ صرف متعلقہ قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی کر رہی ہیں بلکہ سادہ لوح شہریوں کو سبز باغ دکھا کر ان سے بھاری رقوم بٹور رہی ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ان غیر قانونی سکیموں کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اعلامیے میں متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان و منتظمین کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر پلاٹس کی غیر قانونی خرید و فروخت بند کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا جس میں جرمانے، مقدمات اور دیگر قانونی اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔دوسری جانب اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے علاقے کے لمبردار جاوید اقبال عباسی نے میونسپل کارپوریشن مری کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے بروقت اور عوامی مفاد میں قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عرصہ دراز سے ان غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں اور متعدد بار متعلقہ اداروں کو تحریری طور پر آگاہ کر چکے ہیں۔لمبردار جاوید اقبال عباسی کے مطابق مذکورہ اراضی کھیوٹ نمبر 103 بمطابق مثل حقیقت 1956/57 کے تحت ان کی جدی و ملکیتی نوتوڑ شاملات شاملات ہے، جس پر ان کے والد محمد یوسف اور ان کے اپنے حق میں عدالتوں سے دو مرتبہ ڈگریاں بھی حاصل ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود بااثر عناصر نے غیر قانونی طور پر زمین پر قبضہ کر کے ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم کر رکھی ہیں اور شہریوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ان کی زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرائیں اور ان کا قانونی و آئینی حق انہیں دلایا جائے۔
شہری حلقوں نے بھی میونسپل کارپوریشن کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مری جیسے حساس سیاحتی علاقے میں غیر قانونی تعمیرات اور ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ قدرتی حسن اور شہریوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

X