اسلام آباد (اردو ٹائمز) سی ٹی ڈی، راولپنڈی اور اسلام آباد میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونیوالی نڈر لیڈی کمانڈر نے پولیسنگ کا نیا معیار قائم کر دیا
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) سی ٹی ڈی، راولپنڈی اور اسلام آباد میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونیوالی نڈر لیڈی کمانڈر نے پولیسنگ کا نیا معیار قائم کر دیا
جنسی تشدد سے متاثرہ معصوم بچوں کے علاج اور بحالی کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا ’چائلڈ میڈیکو لیگل سینٹر‘ قائم
متاثرہ بچوں کو محفوظ ماحول، مفت علاج اور ماہرین نفسیات کی سہولتیں فراہم ، عورتیں اور بچے سی ایم پنجاب مریم نواز کی ریڈ لائن ہیں، ڈی پی او بینش فاطمہ
لودھراں ماڈل کو پورے پنجاب کے ہر ضلع میں نافذ کیا جائے، عوامی و سماجی حلقوں کا وزیراعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ
راولپنڈی (ملک زبیر اعوان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ اور عوام دوست پنجاب کے منشور کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) لودھراں بینش فاطمہ نے جنسی تشدد کا شکار ہونے والے بچوں کے لیے پنجاب کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا خصوصی ’چائلڈ سینسیٹو میڈیکو لیگل سینٹر‘ قائم کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ اس انقلابی اقدام کے ذریعے متاثرہ بچوں کو روایتی ہسپتالوں کے خوفزدہ ماحول اور تھانوں کے چکروں سے نجات دلا کر ایک ہی چھت تلے مکمل رازداری کے ساتھ مفت طبی امداد اور نفسیاتی بحالی کی سہولتیں میسر کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی نڈر اور نامور کرائم فائٹر افسر، ڈی پی او لودھراں بینش فاطمہ نے فیلڈ میں فرنٹ لائن کمانڈ سنبھالتے ہوئے معصوم بچوں کی داد رسی کے لیے یہ سنگ میل عبور کیا۔ سینٹر میں متاثرہ بچوں کو میڈیکل ایگزامینیشن کے دوران خوف اور ذہنی دباؤ سے بچانے کے لیے بچوں کے لیے دوستانہ اور محفوظ ماحول فراہم کیا گیا ہے، جہاں ماہرینِ نفسیات باقاعدہ سیشنز کے ذریعے بچوں کے اندر سے خوف کا خاتمہ اور ان کا کھویا ہوا اعتماد بحال کرتے ہیں، جبکہ والدین کی خصوصی کونسلنگ بھی اس عمل کا لازمی حصہ ہے۔
سی ٹی ڈی راولپنڈی اور اسلام آباد میں بے خوف کمانڈ کا شاندار ٹریک ریکارڈ رکھتے ہوئے ڈی پی او بینش فاطمہ محض کاغذی منصوبہ بندی نہیں بلکہ فرنٹ لائن پر کرائم فائٹر کے طور پر محکمے میں معتبر پہچان رکھتی ہیں۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں حساس انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور ہائی پروفائل دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر چکی ہیں۔ بطور اے ایس پی راولپنڈی سنگین جرائم، منظم ڈکیت گینگز، منشیات فروشوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف گرینڈ آپریشنز کی خود قیادت کرتی رئیں اور روایتی تھانہ کلچر کے برعکس سائنسی تفتیش کے بل بوتے پر ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔
دوران اسلام آباد پولیس تعیناتی وفاقی دارالحکومت میں لا اینڈ آرڈر کی پیچیدہ صورتحال، حساس سکیورٹی ایونٹس اور کرائم کنٹرول میں بے لچک مؤقف اپنا کر اپنی پیشہ ورانہ اہلیت کا لوہا منوایا۔ وکلا، سول سوسائٹی، این جی اوز اور عوامی حلقوں نے لیڈی پولیس افسر کے اس جذبے اور عملی اقدام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ لودھراں کے اس چائلڈ سینٹر کو بطور ایکسٹینشن پورے پنجاب کے 41 اضلاع میں نافذ کیا جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے بچوں اور خواتین کے تحفظ کے مشن کو پائے تکمیل تک پہنچانے کے لیے بینش فاطمہ کا یہ ماڈل پوری فورس کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

