اسلام آباد (اردو ٹائمز) پولیس کے مزید 535 افسران کی اگلے عہدوں پر ترقیاں۔ اب تک 702 افسران کو اگلے عہدے پر ترقیاں دی جا چکی ہیں
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) پولیس کے مزید 535 افسران کی اگلے عہدوں پر ترقیاں۔ اب تک 702 افسران کو اگلے عہدے پر ترقیاں دی جا چکی ہیں۔ا پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تقریب کے دوران سینئر پولیس افسران نے ترقی پانے والے افسران کو رینکس لگائے اور مبارکباد دی۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے محکمانہ ترقیوں کے سلسلے میں مزید 535پولیس افسران و اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقیاب کر دیا ہے۔ ان کے چارج سنبھالنے کے بعد اب تک مجموعی طور پر 702پولیس افسران و اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دی جا چکی ہے، جو فورس کی پیشہ ورانہ ترقی اور حوصلہ افزائی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے۔ترقی پانے والوں میں 10سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (SPs)، 33ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (DSPs)، 6انسپکٹرز،37 سب انسپکٹرز، 258اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 356ہیڈ کانسٹیبلز اور 2 اپر ڈویژن کلرکس (UDCs) شامل ہیں۔اس سلسلے میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی جی سیف سٹی مستنصر فیروز، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق، ڈی آئی جی لا اینڈ آرڈر محمد عتیق طاہر، ڈی آئی جی سیکیورٹی رانا عمر فاروق اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران سینئر افسران نے ترقی پانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو اگلے عہدوں کے رینکس لگائے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ محکمانہ ترقی افسران و اہلکاروں کا بنیادی حق ہے اور یہ ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف بھی ہے۔ ترقی کے ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہیں امید ہے کہ تمام ترقی پانے والے افسران و اہلکار مزید محنت، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس میں افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ترقی اور حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ محکمانہ ترقیوں کا عمل میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق جاری رکھا جائے گا تاکہ اہل افسران و اہلکاروں کو ان کا جائز حق بروقت مل سکے







