اسلام آباد (اردو ٹائمز) وفاقی پولیس نے ایک ہفتے کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 370 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا، ملزمان میں 296 عدالتی مفرور، مجرمان اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان شامل ہیں
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) وفاقی پولیس نے ایک ہفتے کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 370 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا، ملزمان میں 296 عدالتی مفرور، مجرمان اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان شامل ہیں، جبکہ منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں مزید 74 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے 5,550 گرام آئس، 6,058 گرام چرس، 1,210 گرام ہیروئن، شراب کی 114 بوتلیں، 03 گنز، 02 خنجر اور مختلف بور کے 37 پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیے گئے، گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج، مزید تفتیش جاری ہے۔مزید برآں، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے زونل ایس پیز کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران 2,823 افراد، 1,149 گھروں، 235 دکانوں، 52 ہوٹلز، 1,557 موٹر سائیکلوں اور 565 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ مزید جانچ پڑتال کے لیے 130 مشکوک افراد، 137 موٹر سائیکلوں اور تین گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ سرچ آپریشنز کے دوران 06 پستول اور 31 گولیاں بھی برآمد ہوئیں ۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے شب و روز مصروفِ عمل ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کے لیے سرچ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کی ”نو ٹو ویپن“ مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مجرمان اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی گرفتاری، منشیات کے خاتمے اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے بھی موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں کی عزتِ نفس اور قانونی تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور شہریوں کے درمیان موثر تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن “پکار “15- پر اطلاع دیں، تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے جرائم کی روک تھام کو مزید موثر بنایا جا سکے





