LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (اردو ٹائمز) شہید کانسٹیبل امیر افضل کی برسی، اٹک پولیس کا خراجِ عقیدت

Share

اسلام آباد (اردو ٹائمز) شہید کانسٹیبل امیر افضل کی برسی، اٹک پولیس کا خراجِ عقیدت

شہیدوں کی قربانیاں محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی: خان شبیر، سجاد سلیم

اٹک پولیس کے شہید کانسٹیبل امیر افضل کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر اٹک پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔

کانسٹیبل امیر افضل نے 27 اگست 2005ء کو اسلام کوٹ کے مقام پر دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان وطن پر قربان کر دی تھی۔ ان کی برسی کے موقع پر پولیس افسران اور اہلکاروں نے شہید کی لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔

اس موقع پر ڈی ایس پی فتح جنگ خان شبیر نے کہا کہ امیر افضل جیسے شہداء محکمہ پولیس کے ماتھے کا جھومر اور پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جان قربان کرکے یہ ثابت کیا کہ پولیس فورس امن و سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔ شہداء کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے عزم، حوصلے اور فرض شناسی کی روشن مثال ہیں۔

ایس ایچ او باہتر سجاد سلیم نے کہا کہ شہید امیر افضل نے دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی بہادری اور فرض سے وفاداری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اٹک پولیس اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرتی اور ان کے اہلِ خانہ کی عزت و تکریم کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔

پولیس افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ ادا کرتی رہے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

X