LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (اردو ٹائمز) سیرت النبی انسان کیلئے صراط مستقیم کا بڑا بنیادی حوالہ ہے: معروف نعت گو شاعر وفاچشتی دین اسلام امن و آشتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے: ایمبیسیڈر صلاح الدین چوہدری

Share

اسلام آباد (اردو ٹائمز): ہم کتنے خوش نصیب ہیں اللہ نے ہمیں حضور کی امت میں پیدا کیا اور عظمت انسان کا اس سے بڑھ کر اور کیا افتخار ہو سکتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے محبوب ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ آج سیرت النبی انسان کیلئے صراط مستقیم کا بڑا حوالہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف نعت گو شاعر وفاچشتی نے نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ میں عید میلاد النبی کے سلسلے میں منعقدہ محفل نعت کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج سائنس کی ترقی بھی قرآن کی مرہون منت ہے۔سائنس جن اختراعات کا اعلان آج کر رہی ہے قرآن کریم نے ان کے بارے میں چودہ سو سال پہلے بتا دیا تھا۔

تقریب کے مہمان خصوصی اور کونسل کی مجلس عاملہ کے سینئر رکن ایمبیسیڈر صلاح الدین چوہدری کا کہنا تھا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر وحی کا جو پہلا حرف اترا وہ تھا، اقراء یعنی پڑھ ، نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ نے بھی سکول سے باہر بچوں کو پڑھانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔ ہم نے تعلیم نیٹ ورک پاکستان (ٹی این پی )کے تحت اسلام آباد کے مضافات میں دو سکول قائم کیے ہیں جن میں سکول سے باہر بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا دین اسلام امن و آشتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسلمان اقوام عالم میں منفرد اور ممتاز حیثیت رکھتے ہیں۔

قبل ازیں حمید قیصر نے اپنی ابتدائی گفتگو میں کہا کہ کونسل کے بانی چیئرمین مرحوم زاہد ملک کی یکم ستمبر کو برسی ہے وہ ہمیشہ کونسل میں عید میلاد النبی اور دیگر مذہبی و قومی تہواروں پر ایسی بابرکت تقریبات کا اہتمام کیا کرتے تھے۔ آج انکی روح یقینا بہت خوش ہوگی۔ محفل نعت میں حافظ سعد عباسی، عدیل احمد فاروق نقشبندی اور صاحب صدارت وفا چشتی نے اپنی اردو و سرائیکی نعتیں پیش کرکے حاضرین سے داد پائی ۔

تقریب کے میزبان گوہر زاہد ملک نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرائض حمید قیصر نے ادا کیے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

X