فتح جنگ (اردو ٹائمز) یومِ آزادی قومی وحدت، قربانیوں اور تجدیدِ عہد کا دن ہے، چوہدری احسن علی
Share
فتح جنگ (اردو ٹائمز) یومِ آزادی قومی وحدت، قربانیوں اور تجدیدِ عہد کا دن ہے، چوہدری احسن علی
نوجوان پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے حقیقی معمار ہیں، اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ
مریم نواز کے عوام دوست ویژن کے تحت خدمت، شفافیت اور ترقی کا سفر جاری ہے
اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ چوہدری احسن علی نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 14 اگست محض ایک تاریخی دن نہیں بلکہ ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں، جدوجہد اور بے مثال عزم کی یادگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے جس کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
چوہدری احسن علی نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، محنت اور قومی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط ریاست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ فتح جنگ کی انتظامیہ بھی عوامی مسائل کے حل، بہتر طرزِ حکمرانی اور ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہدائے پاکستان اور تحریکِ آزادی کے عظیم رہنماؤں کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم سب مل کر ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔
آخر میں چوہدری احسن علی نے اہلِ فتح جنگ اور پوری قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔

