LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق کا حسن ابدال میں مصروف دن، کھلی کچہری، تھانوں کا معائنہ، شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات اور دہرے قتل کیس کا جائزہ

Share

اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق نے حسن ابدال میں عوامی مسائل کے حل، پولیسنگ کے معیار کو بہتر بنانے اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے تھانہ سٹی حسن ابدال اور تھانہ صدر حسن ابدال کا دورہ کرتے ہوئے انتظامی امور، ریکارڈ روم، حوالات اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ریکارڈ کی درستگی، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

دورے کے دوران ڈی پی او اٹک نے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی اور آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں تھانہ سٹی حسن ابدال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات براہ راست ڈی پی او اٹک کے سامنے پیش کیں۔ کیپٹن (ر) علی بن طارق نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور موقع پر متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل سے براہ راست آگاہی حاصل کرکے ان کے حل کو یقینی بنانا اٹک پولیس کی ترجیح ہے۔

ڈی پی او اٹک نے تحصیل حسن ابدال کے شہید کانسٹیبل محمد اعجاز اور شہید کانسٹیبل آفریز خان کے گھروں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اٹک پولیس شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑی رہے گی۔

ادھر ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق نے تھانہ رنگو کے علاقہ میں پیش آنے والے دہرے قتل کے واقعہ کے جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود شواہد کا جائزہ لیا جبکہ ایس پی انویسٹی گیشن اٹک زینب ایوب اور ایس ڈی پی او حضرو سرکل ارشد محمود خٹک بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈی پی او اٹک نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کرکے گرفتار کیا جائے اور مقدمہ کو میرٹ پر یکسو کیا جائے۔

کیپٹن (ر) علی بن طارق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اٹک پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کے خاتمے اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

X