اسلام آباد (اردو ٹائمز) پروٹیکٹوریٹ آف ایمیگرنٹس آفس میں بدعنوانی اور فراڈ بے نقاب – 2 سرکاری اہلکار اور 3 ایجنٹس گرفتار
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز): پروٹیکٹوریٹ آف ایمیگرنٹس آفس میں بدعنوانی اور فراڈ بے نقاب – 2 سرکاری اہلکار اور 3 ایجنٹس گرفتار
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی بڑی کارروائی
فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے پروٹیکٹوریٹ آف ایمیگرنٹس آفس رہمانہ آباد راولپنڈی میں ورک پرمٹ کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم ہتھیانے اور بدعنوانی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی اور تین ایجنٹس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ نجی ایجنٹس پروٹیکٹوریٹ آفس کے سرکاری اہلکاروں کی ملی بھگت سے شہریوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے ورک پرمٹ دلوانے کے نام پر بھاری رقوم وصول کرتے تھے اور سرکاری اہلکاروں کو رشوت دے کر کام ترجیحی بنیادوں پر کروایا جاتا تھا۔ گرفتار ملزمان کے موبائل فونز کی فرانزک جانچ سے یورپ، گلف ممالک، برطانیہ اور افریقی ممالک کے مختلف ویزوں کی تصاویر اور پروٹیکٹوریٹ آفس کے اہلکاروں کے ساتھ وائس نوٹس برآمد ہوئیں جو اس مجرمانہ نیٹ ورک کو ثابت کرتی ہیں۔
گرفتار ایجنٹس کی نشاندہی پر تفتیش کے دوران پروٹیکٹوریٹ آفس راولپنڈی کے دو سرکاری اہلکاروں مرتضیٰ علی ڈیٹا انٹری آپریٹر بی ایس 15 اور وقاس اپر ڈویژن کلرک بی ایس 11 کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ملزمان کے خلاف دفعات 420، 468، 109 تعزیرات پاکستان اور دفعہ 5(2) پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1947 کے تحت ایف آئی آر نمبر 40/2026 درج کی گئی ہے۔
ایف آئی اے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر کاربند ہے اور سرکاری اداروں میں بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
مزید تفتیش جاری ہے۔

