راولپنڈی (اردو ٹائمز) ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان کے اعزاز میں ریجنل پولیس آفس راولپنڈی میں الوداعی تقریب کا انعقاد
Share
راولپنڈی (اردو ٹائمز) ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان کے اعزاز میں ریجنل پولیس آفس راولپنڈی میں الوداعی تقریب کا انعقاد، تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی بابر سرفراز الپا سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سردار موارہن خان کا گزشتہ روز تبادلہ ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ ایلیٹ فورس لاہور کیا گیا۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے سردار موارہن خان کی بطور ڈی پی او اٹک خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فرض شناسی، دیانت داری اور بہترین انتظامی و پولیسنگ امور کو سراہا۔آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا کہ سردار موارہن خان نے بطور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک اپنے فرائض انتہائی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیئے۔ ان کی تعیناتی میں ضلع اٹک میں جرائم کی روک تھام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے۔آرپی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ پولیس سروس میں تبادلے اور نئی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ سفر کا حصہ ہیں، تاہم افسران کی اچھی کارکردگی اور مثبت خدمات ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں۔ سردار موارہن خان نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران محکمہ پولیس کے وقار میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے جذبے کو بھی مقدم رکھا۔اس موقع پر آر پی او راولپنڈی نے سردار موارہن خان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تجربے اور محنت سے محکمہ پولیس کے لیے بہترین خدمات سرانجام دیں گے۔تقریب کے اختتام پر آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے سردار موارہن خان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔سردار موارہن خان نے آر پی او راولپنڈی اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ریجن میں فرائض کی انجام دہی کے دوران انہیں افسران اور جوانوں کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں ٹیم ورک، باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی ہی بہتر نتائج کی بنیاد ہے۔تقریب کے اختتام پرشرکاء افسران نے سردار موارہن خان کے لیے ان کی نئی ذمہ داریوں میں کامیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

