اسلام آباد (اردو ٹائمز) محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور بین المسالک ہم آہنگی کے لئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور بین المسالک ہم آہنگی کے لئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا۔اجلاس میں علماءکرام، تاجر تنظیموں، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام میں منعقد ہونے والی مجالس، جلوسوں، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔شرکاءنے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی رواداری کے فروغ اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یہ عزم کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی، مو¿ثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈی آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا، ایس ایس پی سکیورٹی/آپریشنز سلیمان ظفر اور اے ڈی سی جی صاحبزادہ یوسف سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے


