اسلام آباد (اردو ٹائمز) چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف اور آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز ڈسپنسری کا دورہ
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف اور آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز ڈسپنسری کا دورہ ۔پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پولیس افسران کی ویلفیئر، فوری بہترین طبی سہولیات کے لئے قائم ڈسپنسری سے متعلق بریفنگ دی گئی، افسران نے ڈسپنسری میں موجود عملے کی حوصلہ افزائی کی اور مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے مشاورت کی گئی۔تفصیلات کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف اور آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز ڈسپنسری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اے آئی جی لاجسٹکس عبد الحق عمرانی نے دونوں افسران کو ڈسپنسری میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، جدید طبی آلات، علاج معالجے کے نظام اور جاری فلاحی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران و جوانوں اور ان کے اہلِ خانہ کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے مختلف شعبہ جات کے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں،جبکہ مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج فراہم کرنے کے لئے جدید خطوط پر اصلاحاتی اقدامات بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد نے ڈسپنسری کے مختلف شعبہ جات، فارمیسی، لیبارٹری، ایمرجنسی یونٹ اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی دیگر طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی ویلفیئر اولین ترجیح ہے اور افسران و جوانوں کو بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران و جوان ملک و قوم کی خدمت میں دن رات مصروف عمل رہتے ہیں، لہٰذا ان کی صحت، فلاح وبہبود اور علاج معالجے کا بہترین انتظام ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند، باصلاحیت اور توانا فورس ہی عوام کو مو¿ثر اور بہترین سکیورٹی فراہم کر سکتی ہے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو علاج کی جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی ویلفیئر پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ آئی جی اسلام آباد کی خصوصی دلچسپی اور براہِ راست نگرانی میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز ڈسپنسری میں جدید طبی آلات کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹرز کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ڈسپنسری میں جنرل فزیشن، ڈینٹل سرجن، ذیابیطس کے ماہرین اور دیگر اسپیشلسٹ ڈاکٹرز باقاعدگی سے پولیس افسران و جوانوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ پولیس فورس کو بہترین ممکنہ علاج، صحت مند ماحول اور مو¿ثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔دورے کے اختتام پر چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد نے ڈسپنسری کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز اور امور پر مشاورت بھی کی۔مزید برآں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری، شفاف اور میرٹ پر حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کو پولیس سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجھک کھلی کچہری میں آ سکتا ہے، کیونکہ اسلام آباد پولیس کے دروازے ہمیشہ شہریوں کی خدمت کے لئے کھلے ہیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ موصول ہونے والی درخواستوں کو مقررہ ٹائم فریم کے اندر میرٹ پر حل کیا جائے اور اس حوالے سے مکمل رپورٹ سنٹرل پولیس آفس کو ارسال کی جائے




