چکوال (اردو ٹائمز) محکمہ ریونیو کے مثالی و دیانتدار افسر، تحصیلدار چکوال چوہدری سلیم مشرف اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد باعزت طور پر ریٹائر ہو گئے۔
Share
چکوال (اردو ٹائمز) محکمہ ریونیو کے مثالی و دیانتدار افسر، تحصیلدار چکوال چوہدری سلیم مشرف اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد باعزت طور پر ریٹائر ہو گئے۔ ان کی ریٹائرمنٹ پر سرکاری و سماجی حلقوں سمیت ہر طبقہ فکر کی جانب سے انہیں بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
چوہدری سلیم مشرف نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران دیانتداری، فرض شناسی اور محنت کو شعار بنائے رکھا اور محکمہ ریونیو میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ ان کی شاندار کارکردگی اور غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں انہیں متعدد مواقع پر ایوارڈز اور میڈلز سے بھی نوازا گیا، جو ان کی اعلیٰ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
ریٹائرمنٹ کے موقع پر مبارکباد دینے کے لیے تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود اور سردار ناصر خان خصوصی طور پر چکوال پہنچے اور ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے چوہدری سلیم مشرف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نہایت ایماندار، قابل اور فرض شناس افسر رہے ہیں، جن کی خدمات محکمہ اور عوام دونوں کے لیے ہمیشہ قابلِ قدر رہیں گی۔
اتوار کے روز ہونے والی اس ملاقات میں خوشگوار اور دوستانہ ماحول دیکھنے میں آیا، جہاں باہمی محبت، احترام اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے چوہدری سلیم مشرف کی پیشہ ورانہ دیانت اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے انہیں ان کی کامیاب سرکاری زندگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
عوامی و سماجی حلقوں نے بھی ان کی ریٹائرمنٹ پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری سلیم مشرف ایک نیک نام، دیانتدار اور عوام دوست افسر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ چوہدری شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ایسے باکردار اور فرض شناس افسران قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی ہے۔

