اسلام آباد (اردو ٹائمز) بحریہ انکلیو میں بڑا اسکینڈل بے نقاب، سی ڈی اے حرکت میں آگئی
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز):وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے بحریہ ٹائون کے بحریہ انکلیو-1 ہاؤسنگ منصوبے میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق بحریہ انکلیو-1، سمبلی ڈیم روڈ، زون فور (سی)، اسلام آباد کے منظور شدہ لے آؤٹ پلان میں تضادات سامنے آئے ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق اس اسکیم کا لے آؤٹ پلان 29 دسمبر 2020 کو منظور کیا گیا تھا جبکہ 8 اپریل 2022 کو ترقیاتی کاموں کے لیے این او سی جاری کیا گیا۔
تاہم حالیہ جائزے میں انکشاف ہوا ہے کہ ریجنل پلاننگ ڈائریکٹوریٹ کے ریکارڈ میں دو مختلف لے آؤٹ پلان (LOPs) موجود ہیں جو ایک دوسرے سے نمایاں طور پر مختلف ہیں۔ مزید برآں پارکس، کھیل کے میدانوں اور گرین ایریاز کی کیلکولیشن میں بھی بڑی بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں، جس کے نتیجے میں 200 کنال سے زائد اراضی کی کمی ظاہر ہوئی ہے۔
سی ڈی اے نے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ 6 اپریل 2026 کو صبح 9 بجے متعلقہ ریکارڈ، اصل لے آؤٹ پلان اور آٹوکیڈ فائلز کے ساتھ پیش ہو کر وضاحت دے۔ اس موقع پر اسکیم کے کنسلٹنٹ ٹاؤن پلانر کی موجودگی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
مزید برآں سی ڈی اے حکام نے اس معاملے کو عوامی آگاہی کے لیے اپنی ویب سائٹ پر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ دیگر متعلقہ اداروں اور افسران کو بھی اس نوٹس کی نقول ارسال کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اگر وضاحت تسلی بخش نہ ہوئی تو بحریہ ٹاؤن کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

