اسلام آباد (اردو ٹائمز) آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت اہم اجلاس
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت اہم اجلاس۔ تربیتی نظام کی بہتری، انتظامی امور اور شہریوں و پولیس افسران کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات ۔نئی بھرتی ہونے والے جوانوں کی بنیادی تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور کیپیٹل پولیس کالج کی تربیتی سہولیات اپ گریڈ کرنے کے فیصلے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزمحمد جواد طارق ، ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر / ٹریننگ محمد عتیق طاہر، اے آئی جی لاجسٹکس اور ایس پی کیپیٹل پولیس کالج نے شرکت کی۔اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، نئی بھرتی ہونے والے جوانوں کی بنیادی تربیت کے مؤثر اور معیاری انتظامات اور کیپیٹل پولیس کالج میں تربیتی سہولیات کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تربیتی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، جوانوں کو جدید پولیسنگ، پیشہ ورانہ مہارتوں، قانون کے تقاضوں اور عوامی خدمت سے متعلق ضروری تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ عملی میدان میں اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور جدید تقاضوں کے مطابق تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے تربیتی اداروں میں دستیاب سہولیات کو بہتر بنانے، تربیتی معیار کو مزید بلند کرنے اور تمام متعلقہ امور کو مربوط انداز میں آگے بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔دریں اثنا، آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس میں مختلف برانچز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے ساتھ بھی اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں برانچز کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور اور جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ دفتری امور میں شفافیت یقینی بنائی جائے، پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں بہتری لائی جائے، باہمی روابط اور رابطہ کاری کو مؤثر بنایا جائے اور تمام انتظامی معاملات کو منظم، بروقت اور ذمہ دارانہ انداز میں نمٹایا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ تمام برانچز اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی تعاون کے ساتھ انجام دیں، سرکاری امور میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور محکمانہ کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔علاوہ ازیں، آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس افسران و جوانوں کے ذاتی اور محکمانہ نوعیت کے مسائل خود سنے اور ان کے بروقت حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اپنے دفتر آنے والے شہریوں کی شکایات اور مسائل بھی براہِ راست سنے اور ان کے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل کا بروقت حل، شفافیت اور میرٹ پر مبنی محکمانہ امور اسلام آباد پولیس کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ تربیت، فلاح و بہبود، انتظامی کارکردگی میں بہتری اور شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

