اسلام آباد (اردو ٹائمز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، اسلام آباد زون ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی کی کارروائی — یو کے ویزا کے نام پر 52 لاکھ روپے ہتھیانے، جعلی آئیلٹس سرٹیفکیٹ اور نکاح نامہ فراہم کرنے والی ملزمہ گرفتار
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز): ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے مقدمہ نمبر 285/2026 میں کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ ورک ویزا فراڈ میں ملوث ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔
شکایت کنندہ کے مطابق ملزمہ نے انہیں برطانیہ بھجوانے کا جھانسہ دے کر مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 52 لاکھ روپے وصول کیے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ نے شکایت کنندہ کو 10 لاکھ روپے کے عوض جعلی آئیلٹس سرٹیفکیٹ فراہم کیا۔ بعد ازاں ملزمہ نے شادی کا جھانسہ دے کر یو کے ویزا دلوانے کا وعدہ کیا اور اس سلسلے میں جعلی نکاح رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور ای سٹامپ پیپر معاہدہ بھی فراہم کیا۔ ایک اور ملزم نے مذکورہ معاہدے میں ضامن کا کردار ادا کیا۔ جب شکایت کنندہ نے رقم واپس مانگی تو ملزمان نے واپسی سے انکار کرتے ہوئے دھمکیاں دیں۔
تفتیش کے دوران ملزمہ سے 20 لاکھ روپے کی جزوی ریکوری کر لی گئی ہے، جبکہ بقیہ رقم کی ریکوری اور دیگر ملوث افراد کے کردار کے تعین کے لیے تفتیش جاری ہے۔ کیس کی تفتیش انسپکٹر اقرا جہانگیر کر رہی ہیں۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

