اسلام آباد (اردو ٹائمز) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کا اجلاس منعقد ہوا
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام تھانوں کی SIPS پروٹوکولز کے تحت تزئین و آرائش، جاری تعمیراتی منصوبوں پر پیش رفت اور تھانوں میں شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور تھانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا، سازگار اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔دریں اثنا، آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے مختلف برانچز کے انچارجز کے ساتھ بھی اجلاس منعقد کیا، جس میں برانچز کی کارکردگی، دفتری امور میں بہتری اور جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دفتری امور مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں، کارکردگی کو مزید موثر بنایا جائے اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور عوامی خدمت کے معیار میں بہتری لائی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ جاتی امور میں بہتری، شفافیت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو مزید فروغ دیا جائے گا۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے پاکستان بال اینڈ ڈیک ہاکی ٹیم کے کوچ اور اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل محمد یوسف اور اسپورٹس آفیسر اے ایس آئی شاہد حسین کو سنٹرل پولیس آفس مدعو کیا اور کھیلوں کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے دونوں اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے ایسے اہلکار ادارے کے لیے باعثِ فخر ہیں جو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور انہیں مزید محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ترغیب دی جائے گی۔اسی سلسلے میں آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا، جہاں پولیس افسران و جوانوں کے سروس سے متعلق اور ذاتی نوعیت کے مسائل براہِ راست سنے۔ انہوں نے متعلقہ درخواستوں اور معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ پولیس افسران و جوانوں کے جائز مسائل کو میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت حل کیا جائے اور محکمانہ معاملات کو بلاوجہ التوا کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تھانوں میں جدید سہولیات کی فراہمی، دفتری امور میں بہتری، اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی اسلام آباد پولیس کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں موثر پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، احساسِ ذمہ داری اور بھرپور لگن کے ساتھ انجام دیں








