اسلام آباد (اردو ٹائمز):(ثاقب خان کھٹڑ ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین، سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سرینگر ہائی وے، میلوڈی مارکیٹ اور سید پور ویلیج کی تزئین و آرائش سمیت سی ڈی اے ماڈل نرسری کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کیلئے مقامی ماحول سے ہم آہنگ اور ماحول دوست پودوں اور درختوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے اسلام شہر کی مختلف شاہراہوں پر دیدہ زیب سافٹ لینڈ سکیپنگ اور میڈین سٹریپس کو مزید خوبصورت بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے زور دیا کہ شہر کی خوبصورتی کیلئے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کو طویل المدت بیوٹیفکیشن پلان کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور باکو کی ٹیمیں مل کر شہر کی خوبصورتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اجلاس میں شہر کی ترقی اور خوبصورتی سے متعلق دیگر امور پر بھی غور و خوص کیا گیا اور تمام متعلقہ ونگز کو بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔a