تحریر: ریحان خان
مکہ مکرمہ، بدھ، 26 فروری 2025 (اردو ٹائمز): مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی صدارتِ امورِ دینیہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی رمضان کے خصوصی قرآنی کورس کا انعقاد کر رہی ہے، جو تلاوت اور تدبر کے امتزاج کے ساتھ علم و ایمان کی روشنی پھیلانے کا ذریعہ ہوگا۔ اسی دوران حرمین شریفین سے ایک بڑے عالمی قرآنی منصوبے کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
کورس کی نگرانی ماہر اساتذہ کریں گے، جو قرآن کی اعلیٰ اسناد رکھنے والے اور نبی اکرم ﷺ تک متصل سند قراءت کے حامل ہوں گے۔ یہ اساتذہ تلاوت کی اصلاح، مخارج کی درستگی، اور تجوید کے اصولوں کی تعلیم دیں گے۔ قرآنی حلقات میں قرآن کا حفظ، تلاوت، تفسیر، اور تجوید کی تعلیم دی جائے گی، جبکہ آن لائن قرآنی کلاسز کا بھی اہتمام ہوگا، تاکہ ہر وہ شخص جو قرآن سیکھنے کا خواہشمند ہو، اس سے مستفید ہو سکے۔ ان حلقات کو حرمین شریفین کے مختلف حصوں میں پھیلایا جائے گا تاکہ معتمرین اور زائرین آسانی سے ان میں شامل ہو کر قرآنی علوم حاصل کر سکیں