راولپنڈی (اردو ٹائمز) پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی ریجن کی ستمبر 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں، ہزاروں ٹریفک خلاف ورزیوں پر چالان، اشتہاری ملزمان گرفتار
پنجاب ہائی وے پولیس (PHP) راولپنڈی ریجن نے ماہ ستمبر 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق شاہرات پر امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور عوامی خدمت کے مختلف اقدامات کامیابی سے جاری رہے۔
ترجمان پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی ریجن کے مطابق ستمبر 2026 کے دوران ریجن بھر میں مجموعی طور پر 102 مقدمات درج کیے گئے۔ ان مقدمات میں تعزیراتِ پاکستان (PPC)، اسلحہ آرڈیننس، منشیات ایکٹ اور دیگر خصوصی قوانین کے تحت کارروائیاں شامل ہیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 102 ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن بھی جاری رکھا گیا۔ اس دوران 05 کیٹیگری اے جبکہ 57 کیٹیگری بی کے اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں 53 عدالتی مفرور ملزمان کو
بھی گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں سے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ ہوا ہے اور شاہرات پر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ پنجاب ہائی وے پولیس نے ماہ ستمبر کے دوران مجموعی طور پر 23 ہزار 770 چالان کیے۔ ان میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 1 ہزار 144 افراد جبکہ کم عمر ڈرائیونگ کرنے والے 15 سو سے زیادہ ڈرائیورز کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا مقصد شاہرات پر حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
عوامی خدمت کے جذبے کے تحت پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی ریجن نے مختلف شاہرات پر پھنسے، پریشان حال اور مدد کے منتظر 451 شہریوں کو بروقت امداد فراہم کی۔ ان اقدامات میں گاڑیوں کی خرابی، طبی ایمرجنسی، سفری مشکلات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں شہریوں کی معاونت کی۔
مزید برآں، پنجاب ہائی وے پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 03 گمشدہ بچوں کو بازیاب کروا کر بحفاظت ان کے والدین کے حوالے کیا، جس پر متاثرہ خاندانوں نے پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔
ترجمان پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی ریجن کا کہنا ہےکہ شاہرات کی سیکیورٹی، قانون کی بالادستی، جرائم کے خاتمے اور عوامی خدمت کے لیےپنجاب ہائی وے پٹرول، راولپنڈی ریجن پیشہ ورانہ اندازمیں 24 گھنٹےشاہرات پر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور محفوظ سفر کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔