تحریر: ریحان خان
اسلام آباد، بدھ، 16 اپریل 2025 (اردو ٹائمز): سعودی عرب کے کنگ سلمان ہیومنیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے-ایس-ریلیف) نے شام میں رضاکارانہ طبی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد دل کے آپریشنز اور کیتھٹرائزیشن کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ یہ مہم 15 سے 22 اپریل 2025 تک جاری رہے گی۔
یہ اقدام (کے-ایس-ریلیف) کے بین الاقوامی رضاکارانہ طبی پروگراموں کا حصہ ہے، جس کا مقصد دنیا کے مختلف ممالک میں کم وسائل رکھنے والے افراد اور خاندانوں کو معیاری طبی سہولیات مہیا کرنا ہے۔
اس منصوبے کے لیے البَلسَم ایسوسی ایشن کا 24 رکنی طبی عملہ—جس میں ماہر ڈاکٹرز، نرسیں اور ٹیکنیشنز شامل ہیں—حال ہی میں دمشق پہنچا ہے۔ ٹیم شام کے مقامی ماہرین صحت کے ساتھ مل کر دل کے کھلے آپریشنز اور بالغ مریضوں کی کیتھٹرائزیشن انجام دے رہی ہے۔
مہم کا ایک اور اہم پہلو شام کے طبی شعبے کی استعداد بڑھانا ہے، جس کے تحت 15 مقامی طبی ماہرین کو آپریٹنگ روم پروٹوکول، انتہائی نگہداشت (آئ-سی-یو)، اور مریضوں کی عمومی دیکھ بھال جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ شام میں صحت عامہ کے شعبے کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔