تحریر: ریحان خان
اسلام آباد، منگل 27 مئی 2025 (اردو ٹائمز): سعودی عرب نے اسلامی اخوت اور روایتی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 پاکستانیوں کو رواں برس بطورِ مہمانِ خصوصی حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مدعو کیا ہے۔ یہ اقدام خادمِ حرمین شریفین مہمان حج پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں سعودی سفارتخانے اسلام آباد میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے منتخب پاکستانی عازمین کو سفری دستاویزات، ویزے اور احرام فراہم کیے۔ تقریب میں منتخب مہمانانِ حج اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر المالکی نے کہا کہ یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے اسلام کی خدمت اور مسلم ممالک سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام شاہ سلمان اور ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کی رہنمائی میں ہر سال قابلِ قدر اور مستحق افراد کو حج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا جاتا ہے۔
تقریب کے موقع پر پاکستانی عازمین نے سعودی حکومت اور قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے سعودی عرب کی عالم اسلام کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے سعودی سفیر نواف المالکی کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
خادمِ حرمین شریفین مہمان پروگرام کا آغاز 1417ھ میں ہوا، جس کے تحت اب تک 140 ممالک سے تقریباً 65,000 عازمین کو حج کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔ ان عازمین کو نامزدگی سے لے کر واپسی تک مذہبی، طبی، ثقافتی اور انتظامی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں۔