( اصغرعلی مبارک )
اسلام آباد (اردو ٹائمز) وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے لیے پُر عزم ہے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا کا کردار مثالی رہا اور پوری دنیا نے پاکستانی میڈیا کی پیشہ ورانہ مہارت کو تسلیم کیاہے۔راولپنڈی-اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (RISJA) کے وفد سے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئےانہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستانی نوجوانوں کو زندگی کے تمام شعبوں میں شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے ہم ارشد ندیم جیسے قدرتی کھیلوں کے ٹیلنٹ کو تلاش کر رہے ہیں اور ہمارا ہدف اولمپک ہے۔
وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے انکشاف کیا کہ حکومت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت بنیادی ڈھانچے کی ترقی، محکمانہ کھیلوں کی بحالی اور ٹیلنٹ ہنٹنگ پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے اکیڈمیز کے قیام اور پنجاب میں شروع کیے گئے مثبت اسپورٹس کلچر کو جاری رکھنے کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نےکہا کہ ارشد ندیم سینٹر آف ایکسی لینس پر ایک کلیدی توجہ ہوگی، جس میں خاطر خواہ فنڈ مختص کیا جائے گا اور اسٹیک ہولڈرز بشمول پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی مشاورت سے ایک ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت اس سال نو مختلف کھیلوں میں کھلاڑیوں کی ترقی کے اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور ہمیں میرٹ کی بنیاد پر مواقع فراہم کرنے چاہئیں
سینئر صحافی شاکر عباسی، ڈاکٹر زاہد اعوان اور دیگر نے بھی اپنے وسیع تجربات کے تحت کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنے خیالات پیش کیے