اسلام آباد (اردو ٹائمز) بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) نے چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) کے تعاون سے “ڈرائیونگ انوویشن، شیئرنگ پراسپرٹی – اے نیو وژن فار چائنا–پاکستان اکنامک پارٹنرشپ” کے عنوان سے ایک سیمینار بورڈ آف انویسٹمنٹ، اسلام آباد میں منعقد کیا۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر نور فاطمہ نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور اقتصادی پالیسیوں میں تسلسل و پیش بینی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے اقتصادی مفادات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بی او آئی اور ایس آئی ایف سی کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ جاتی تسلسل اور استحکام ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مثبت پیغام ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر جناب سردار طاہر محمود نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی قیادت میں بی او آئی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بی ٹو بی روابط، مشترکہ منصوبوں، نوجوانوں کی شمولیت، اسٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ میں آئی سی سی آئی کے کردار پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی پاکستان چین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بی او آئی کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
مہمانِ خصوصی کے طور پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری جناب قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وہ کئی سال سے چین کے ساتھ تجارت کر رہے ہیں اور انہوں نے چین کی غیر معمولی ترقی کا سفر اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے انسانی ترقی پر خصوصی توجہ دی اور معروف پاکستانی ماہرِ معاشیات ڈاکٹر محبوب الحق کے نظریات نے کئی ممالک میں ترقیاتی سوچ کی رہنمائی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ اپنے تعلقات میں تاریخی طور پر اہم کردار ادا کیا ہے، جس میں بین الاقوامی سفارت کاری کے نازک مراحل بھی شامل ہیں۔