اسلام آباد (اردو ٹائمز) آئی جی کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ٹریفک اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا

Share

اسلام آباد (اردو ٹائمز) آئی جی کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ٹریفک اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا اور شہریوں کو بہتر ٹریفک سہولیات کی فراہمی، ٹریفک قوانین پر موثر عملدرآمد اور جرائم کے سدباب کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے انہیں ٹریفک پولیس کی مجموعی کارکردگی، آپریشنل امور اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس سمیت تمام ٹریفک سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوام دوست پولیسنگ کو موثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ شہریوں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ٹریفک کی روانی، شہریوں کی سہولت اور روڈ سیفٹی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ٹریفک پولیس افسران و اہلکار فرائض کی انجام دہی کے دوران پیشہ ورانہ رویے، نظم و ضبط اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں ٹریفک نظام کو مزید منظم اور موثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، ٹریفک قوانین کا موثر نفاذ اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد کی زیرِ صدارت سیف سٹی اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد نے تمام ڈویژنز کی کارکردگی، جرائم کی صورتحال اور امن و امان سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔آئی جی اسلام آباد نے جرائم کے سدباب کے لیے جاری اقدامات کو مزید موثر بنانے، شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام افسران کو اپنے فرائض پیشہ ورانہ ذمہ داری، موثر نگرانی اور مکمل نظم و ضبط کے ساتھ انجام دینے کی تاکید کی